مہنگائی اور حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف پی ڈی ایم کا مظاہرہ

رحیم یار خان :ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف پی ڈی ایم ضلع رحیم یارخان کا بڑا احتجاجی مظاہرہ‘ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں امتیازاحمد کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ اور سابق ایم پی اے محمدعمرجعفر کی قیادت میں جعفرآباد سے بڑی ریلیاں نکالی گئیں جو صادق بازار پہنچ کر ایک بڑے احتجاجی جلسہ کی صورت اختیارکرگئیں‘

ضلع بھر سے مختلف قافلے بھی مرکزی پروگرام صادق بازار پہنچے جس میں ضلع بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی‘ حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی‘عمران خان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ۔

 حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کا پی ڈی ایم کے قائدین مولانا فضل الرحمن اور میاں نواز شریف کی ہدایت پر کمر توڑ مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ضلع بھر سے مختلف آئے قافلوں نے شرکت کی۔ صادق بازار چوک پہنچ کر ریلی ایک بڑے جلسہ کی صورت اختیار کرگئی۔

احتجاجی پروگرام جمعیت علماء اسلام‘مسلم لیگ (ن)جمعیت اہل حدیث‘جمعیت علماء پاکستان‘پشتونخواہ ملی عوامی سمیت دیگر جماعتوں کی طرف سے آنے والے جلوس مرکزی جلوس میں شریک ہوئے۔احتجاجی جلسہ سے پی ڈی ایم کے ضلعی صدر چوہدری محمود الحسن چیمہ‘ ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی نعمان حسن لدھیانوی‘ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سردار اظہرخان لغاری‘ ضلعی جنرل سیکرٹری سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں امتیازاحمد‘ جے یو آئی کے مرکزی رہنما علامہ عبدالرؤف ربانی‘ جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا خلیل الرحمن درخواستی‘ مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم پی اے چوہدری عمر جعفر‘ صادق آباد سے ایم پی اے چوہدری محمد شفیق‘ چوہدری شوکت داؤد‘رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید گجر‘ میاں اعجازعامر‘ جے یوپی کے ڈویژنل صدرچوہدری ریاض نوری ودیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سونامی نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے‘عمران خان کو بنی گالہ سے جیل جانا ہوگا‘ پی ڈی ایم کی تحریک نااہل اور ناجائز حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔ میاں امتیازاحمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہوشرباء مہنگائی کی وجہ سے عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں‘عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آئی ایم ایف اور حکومت کے مابین خفیہ معاہدے کے تحت مہنگائی کا طوفان برپا کر کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے اور حکومت مالیاتی اداروں کے سامنے کشکول لیے پھر رہی ہے‘

حکومت کی سوا تین سالہ کارکردگی مایوس کن ہے‘ موجود حکومت میں آٹا اور چینی چور بیٹھے ہوئے ہیں۔ سردار اظہرخان لغاری‘ محمد عمر جعفر‘ محمود الحسن چیمہ ودیگر مقررین نے کہا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے مہنگائی کے خلاف ہونے والے مظاہرے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں تبدیل ہوجائیں گے‘ابھی مظاہروں کی ابتدا ہے‘اس کے بعد لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا-

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا دعوی کرنے والے حکمرانوں کے دور میں عوام خود کشیاں اور فاقے کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں‘ کاشتکاروں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں‘ حکومت صرف الزامات کی سیاست کر رہی ہے اور اس کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں‘اب یہ زیادہ دیر تک نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے‘ ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں عام ہو گئی ہیں‘ اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث کچے کے علاقوں کی عوام خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے‘

عوام اب مزید اس حکومت کے ظلم برداشت نہیں کرسکتے‘ عمران خان کو چاہیے کہ اب خود ہی استعفیٰ دے کر عوام کی جان چھوڑ دے ورنہ عوام ان حکمرانوں کو گریبانوں سے پکڑیں گے۔

احتجاجی جلسے کا اختتام مولانا خلیل الرحمن درخواستی کی دعا کے ساتھ ہوا۔

Show More

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button