وزیراعظم پاکستان عام مزدور اور ملازم کی کم سے کم تنخواہ 40ہزار روپے کریں,شیعہ علماء کونسل

رحیم یارخان: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ شبیرحسین اور مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علامہ سید ناظر حسین نقوی نے رحیم یارخان کا دورہ کرتے ہوئے حیدری ٹرسٹ میں ضلعی وتحصیل عہدیداران سے ملاقات کی۔

اس موقع پرمرکزی قائدین نے ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل سیدعلمدار حسین نقوی‘ سینئر نائب صدر ذوار حسین قریشی‘ چیئرمین امام بارگاہ حیدری ٹرسٹ لالا نذر حسین پنوار سمیت دیگر عہدیداران سے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ شبیرحسین اور مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علامہ سید ناظر حسین نقوی نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تمام نعمتوں سے نوازا ہے لیکن سارا مسئلہ بیڈ گورننس اور عدالتی نظام کی خرابی کے باعث ملک کی حالت دگرگوں ہے‘

قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا‘پاکستانی عوام کے مسائل بھی اسی سے مربوط ہیں‘نظام عدل کو صحیح کردیں اور اپنی گورننس کو بہتر کرلیں تو ملک ترقی کرے گا اور عوام کے مسائل حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا‘ ملکی مسائل میں اضافہ اور مہنگائی کے ذریعے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

گذشتہ تین سال کے اندر غربت میں اضافہ ہی ہواہے‘ عوام کو ایک پیسے کا بھی ریلیف نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ کہہ دینا کہ پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے تو دیکھنا یہ چاہیے کہ پوری دنیا میں ملازمین کی کم سے کم تنخواہ کیا ہے اورپاکستان میں صرف 17ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے‘ کوئی وزیر17ہزار روپے میں گذارا کرکے دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول سستا ہوا ہے لیکن پاکستان میں مسلسل پٹرول کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔

بجلی‘ گیس‘ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں لیکن عوام کی حالت پر کسی کو ترس نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عام مزدور اور ملازم کی کم سے کم تنخواہ 40ہزار روپے کریں اور عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے مہنگائی میں کمی کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ کے شکر گذار ہیں کہ ہماری ضلعی تنظیم کے ساتھ ان کا اچھا رابطہ ہے۔

اس موقع پر سید اشرف شاہ‘ افتخار الحسن عماری‘ غلام شبیر‘ علی مردان نقوی‘ احمدمجتبیٰ پنوار‘ سید سجاد حسین‘ علامہ شیخ منظور حسین‘ سید تنویر عباس‘ رانا زاہد حسین‘ سید اختر شمسی‘ عطاء حسین‘ شفقت چانڈیہ‘ سید مہدی مصطفی نقوی ودیگر ضلعی وتحصیل عہدیداران بھی موجود تھے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button