گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایات پر ضلع میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھی جا رہی ہے، گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے پھلوں و سبزی کے معیار او رنیلامی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ای اے ڈی اے مارکیٹنگ جواد انور، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اسماء اطہر سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ روزمرہ استعمال میں آنے والی کریانہ آئٹم اور زرعی اجناس کی طلب و رسد کو ذمہ داری سے مانیٹر کیا جائے جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹ کے دورے کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نیلامی بلخصوص ٹماٹر، پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں، عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے اور عوام کو سستے داموں صاف،معیاری اور تازہ سبزیوں کی فراہمی مارکیٹ کمیٹی افسران کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سسٹین ایبل گول(SAP)فور کے تحت 46کروڑ سے زائد لاگت کی67ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان، ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ ندیم عباس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
سیپ پروگرام کے تحت محکمہ بلڈنگ، لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ، روڈز، ورکس اینڈ سروسز، بجلی فراہمی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے جلد از جلد ٹینڈرز کے مراحل مکمل کرکے فوری ترقیاتی سکیموں پر ورک آرڈرز جاری کریں تاکہ یہ منصوبے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔
اجلاس میں دیگر حکومتی پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔