مسلح افراد کی موٹر وے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ
رحیم یارخان:قومی شاہراہ پر کھڑی مشکوک کار میں سوار مسلح ملزمان کی چیکنگ کیلئے آنے والے موٹروے پولیس کے اہلکاروں پرجان سے ماردینے کیلئے فائرنگ، موٹروے اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
دو ملزمان فرار، جبکہ دو کو گرفتارکرلیاگیا۔گرفتار ملزمان نے پولیس کوچکمہ دینے کیلئے کوائف غلط اندراج کروادیئے۔ فرارہوجانے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
موٹروے پولیس کے انسپکٹر محمدریاض جو کہ اپنے سیکٹر میں ساتھی ملازمین کے ہمراہ گشت پر موجود تھا کہ خفیہ اطلاع ملی کہ قومی شاہراہ پر موضع غازی پور کے نزدیک سڑک کنارے مشکوک کار میں موجود افراد واردات کی نیت سے موجود ہیں،
جس پر انسپکٹر محمدریاض ملازمین کے ہمراہ موقع پر پہنچا اور مشکوک کار نمبریAFC-690 کو چیک کرنے کی نیت سے نزدیک گئے تو کار میں سوار دو افراد نے جان سے ماردینے کیلئے موٹروے پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔،
تاہم موٹروے پولیس کے اہلکار انسپکٹر سمیت معجزانہ طورپر محفوظ رہے جبکہ فائرنگ میں ملوث دونوں ملزمان موقع سے فرارہوگئے۔
بعدازاں کار میں موجود ملزمان کے دو ساتھیوں محمد ابرار صادق اور محمد یونس کو حراست میں لے کر جامہ تلاشی کی گئی تو ایک ملزم کے قبضہ سے پسٹل30بور6روند برآمد ہوگئے۔
دونوں ملزمان کو مزید کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیاگیا تاہم رابطہ کرنے پر ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لےے گئے ملزمان کی جانب سے پولیس کو فراہم کیئے گئے اپنے کوائف بوگس پائے گئے ہیں۔
پولیس نے انسپکٹر موٹروے محمدریاض کی مدعیت میں گرفتار اور فرارہوجانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔