تازہ ترین خبروں کے لئے واٹس ایپ چینل جوائن کریں

Join WhatsApp Channel

شیخ زاید ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا سرپرائز وزٹ،مشین بند ہونے پر اظہار برہمی

رحیم یارخان: شیخ زاید ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمداقبال حفیظ کا سینئر ممبران حاجی محمدابراہیم اور ملک ساجد فیروزایڈووکیٹ کے ہمراہ شیخ زاید ہسپتال ایمرجنسی وارڈز سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹ کا سرپرائز وزٹ‘ ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز اور ڈیپارٹمنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات‘ ائیرکنڈیشنر کی غیرفعالیت‘ واٹرفلٹریشن پلانٹ کی خرابی اور دس میں 5ڈئیلائسز مشینوں بندہونے پر سخت برہمی کااظہار‘ 3تین دن میں تمام معاملات درست نہ ہونے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے مکمل رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ کوبھجوائی جائے گی۔

شیخ زاید ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمداقبال حفیظ نے سینئر ممبران حاجی محمدابراہیم‘ ملک ساجد فیروزایڈووکیٹ‘ڈاکٹر ظہیرمصطفی اورکوارڈی نیٹر بورڈ آف مینجمنٹ محمدفرقان کے ہمراہ شیخ زاید ہسپتال ایمرجنسی وارڈز‘ کڈنی وارڈ‘ میڈیکل وارڈز‘ نفرالوجی وارڈ‘ نیورو وارڈ‘ سٹی سکین‘ ایم آر آئی‘ آئی سی یو سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز اورڈیپارٹمنٹس میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر معاملات کاجائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف وارڈز میں جاکر فرداً فرداً مریضوں سے ملاقاتیں کیں اوران سے حکومت پنجاب کی جانب سے فری ادویات فراہم کئے جانے پر دریافت کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں ڈیڑھ دوماہ قبل نئے لگائے جانیوالے ائیرکنڈیشنرز کوچیک کیاجو صفائی نہ ہونے کے باعث غیرفعال تھے جبکہ صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص دیکھ کر سخت برہمی کااظہار کیا۔

انہوں نے ہسپتال میں لگائے گئے فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا جوموٹرجلنے کے باعث گذشتہ دس روز سے بند تھا۔

اسی طرح آپریشن تھیٹرکی لفٹ خراب جبکہ ڈائیلائسز وارڈ میں لگائی گئی دس میں پانچ مشینوں کو بھی بند پایا جس پر انہوں نے حیرانگی اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے موقع پر موجود ڈی ایم ایس ڈاکٹرمظفرسمیت دیگر افسران وعملہ کوسخت ہدایت کی کہ تین دن کے اندر اندر تمام معاملات کودرست کیاجائے

جس کے بعد وہ دوبارہ وزٹ کرکے تمام معاملات کاجائزہ لیں گے۔ حاجی محمدابراہیم نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس میں بھی ہسپتال میں صفائی سمیت دیگر معاملات کوبہتر بنانے کے حوالے سے کہاگیا تھا

لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہ ہوا لیکن اب اس معاملے کو سختی سے لیاجائیگا اور اگر معاملات بہتر نہ ہوئے تو مکمل رپورٹ بنا کروزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کوپیش کی جائیگی۔

اک نظر

Back to top button