ایس ڈی او رحیم یار خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آدم صحابہ مائنر پر کارروائی
رحیم یار خان:ایکسین انہار یاسر منیر نے کہا ہے کہ محکمہ انہار کے افسران و عملہ کی مسلسل کوششوں اور نہری پانی چور ی کے خلاف تسلسل کے ساتھ جاری کارروائیوں کے باعث رحیم یار خان اور صادق آباد ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی کی پوری مقدار میں فراہمی یقینی ممکن ہو رہی ہے۔
ایس ڈی او رحیم یار خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آدم صحابہ مائنر پر کارروائی کرتے ہوئے پائپ لگاکر پانی چوری کرنے والوں کو پکڑا اور پانی چور ی میں استعمال ہونے والے پائپ کو تحویل میں لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایکسین انہار نے ایس ڈی او رحیم یار خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو شیڈول کے مطابق نہری پانی کی تقسیم محکمہ انہار کی ترجیحی ذمہ داری ہے جس سے چشم پوشی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار کی کوشش ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے جبکہ پانی چور ی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ نہری پانی چوری کی روک تھام کے لئے محکمہ انہار کی جاری مہم میں ساتھ دیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو نہری پانی کی چوری یا اس میں ملوث عناصر کو سہولت فراہم کرنے میں ملوث ہیں اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور پانی چوروں یا ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔