ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹر چینج کی تعمیر شروع کرنے کی درخواست
رحیم یارخان:سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹر چینج کی تعمیر شروع کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری مواصلات، سیکرٹری فنانس، چیئرمین نیشنل ہائی وے اٹھارٹی، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت دیگرکو نوٹسز جاری کر دیئے۔
درخواست گزار کے وکیل وقار رانا نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔ گزشتہ روز درخواست گزار سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد خان کی جانب سے ان کے وکیل وقار رانا عدالت عالیہ کے سامنے پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل وقا رانا نے بتایا کہ اس منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ ہو چکا ہے اور فنڈز بھی جاری ہو چکے ہیں،
اب اس منصوبے کی لوکیشن تبدیل کی جا رہی ہے، جس پرجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ کیا عدالت عالیہ کہہ سکتی ہے یہ لوکیشن رکھ یہ نا رکھیں؟ وکیل وقار رانا نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ اس منصوبے سے متعلق وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے جو بیان دیا تھا وہ ریکارڈ پر موجود ہے،
ہماری صرف یہ استدعا ہے کہ یہ پراجیکٹ جہاں شروع ہوا وہیں رہنا چاہیے، حکومت کو سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کا حکم دیا جائے،
جس پرعدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ کیس تھا کیا؟ وکیل وقار رانا نے بتایا کہ ہندو ٹیمپل جل گیا تھا
جس کے بعد سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ یہاں بھونگ انٹرچینج بنایا جائے، .
عدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل وقار رانا کے دلائل سننے کے بعد تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔