رحیم یارخان میں عارضی مویشی منڈیاں 5جولائی سے فعال کر دی جائیں گی

رحیم یار خان:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسدرہ سلیم کی زیر صدارت عید الاضحی کے سلسلہ میں عارضی مویشی منڈیوں کے قیام، صفائی ستھرائی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا

اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزعظمان چوہدری، سرمد علی بھاگت،کلیم یوسف، ریاست علی، ایس ای میپکو شہزاد گل، میونسپل افسران، لائیو سٹاک، ہیلتھ، کیٹل مارکیٹ، پولیس، سیکورٹی برانچ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسر ان نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں عارضی مویشی منڈیاں 5جولائی سے فعال کر دی جائیں گی اس سلسلہ میں شہری حدود کے نزدیک مناسب جگہوں پر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔

حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر میں مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیزپر پر خاص طور پرعملدرآمد کیا جائے گا جبکہ شہریوں اور مویشی فروخت کرنے والے بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام عارضی مویشی منڈیوں میں مویشیوں کے لئے سایہ دار جگہ، چارہ، ونڈہ سمیت دیگر انتظامات محکمہ لائیو سٹاک اور میونسپل ادارے کریں گے جبکہ محکمہ لائیو سٹاک قربانی کے جانورں کی ویکسی نیشن اور دیگر بیماریوں سے تحفظ کے لئے سپرے کا عمل مکمل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ رات کو مویشی منڈیوں میں مناسب لائٹس جبکہ بجلی بندش کی صورت میں متبادل کے طور پر جنریٹرز کا بندوبست کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کا عملہ مویشی منڈیوں میں مستعدی سے فرائض سر انجام دے تاکہ ضلع کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے آنے والے بیوپاریوں اور شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عارضی مویشی منڈیوں میں پولیس 24گھنٹے سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اپنا پلان مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر آفس اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز سے شیئر کرے۔

انہوں نے گاڑیوں کی پارکنگ کے سلسلہ میں تمام تر اقدامات مکمل کرنے اور ان کی ذمہ داری ٹریفک پولیس کو عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مویشی منڈی انتظامیہ کے ہمراہ مناسب پارکنگ کے انتظامات مکمل کرے تاکہ ٹریفک کے بہاﺅ میں خلل پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عارضی منڈی مویشیاں کے علاوہ شہری حدود میں کسی کو بھی قربانی کے جانورو ں کی خرید و فروخت کرنے کی اجازت نہ ہو گی۔

حکومت پنجاب کے پروگرام”خدمت آپ کی دہلیز پر“ میں عید الاضحی، مویشی منڈیوں اور عید ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں محفوظ انداز سے تلف کرنے کے حوالہ سے واضح ہدایات موجود ہیں

اس سلسلہ میں بلدیاتی ادارے قبل از وقت انتظامات مکمل کریں جبکہ بارشوں کی پیش گوئی کے باعث تمام بلدیاتی ادارے ڈی واٹرنگ سیٹس کو فنکشنل حالت میں رکھیں اور بارشوں کو صورت میں فوری طور پر نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی بھی مذہبی یا فلاحی ادارے کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہ ہو گی اس سلسلہ میں تمام ادارے ڈپٹی کمشنر آفس میں درخواست دیگر تحریری اجازت نامہ حاصل کریں گے۔

انہوں نے کیٹل منیجمنٹ کمپنی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مخصوص ایام کے علاوہ عام دنوں میں بیوپاریوں اور خریداروں سے کسی قسم کی فیس چارج نہیں کریں گے جبکہ عارضی مویشی منڈیوں میں بھی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی ہدایت پر ضلع بھر میں خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے تحت چھٹے ہفتہ میں تجاوزات کے خلاف اپریشن جاری،

میونسپل کارپوریشن و تحصیل کونسل کا عملہ اپنی حدود میں قائم پختہ و عارضی تجاوزات کے خاتمہ کے لئے عملی طور پر متحرک ہے۔

میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے حکومت پنجاب کے پروگرام ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ کے چھٹے ہفتہ برائے خاتمہ ناجائز تجاوزات کے تحت سکولبازار، جدید بازار، پرانہ ڈاکخانہ بازار اور لکڑ منڈی روڈ پر قائم تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے اندرون شہر شاہرات کو کشادہ کیا۔

انہوں نے تجاوزات کا باعث بننے والا تمام سامان بحق سرکار ضبط کرتے ہوئے کارروائی کی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام اہم شاہرات ، چوراہوں اور بازار وں سے تجاوزات کا مکمل اور مستقل خاتمہ کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کے بہاﺅ میں آسانی اور بازار وں میں خریداری کے لئے آئی فیملیز کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button