جنوبی پنجاب اولمپکس مقابلوں کی افتتاح عباسیہ سپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا

رحیم یار خان:محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی مشعل بردار ریلی رحمت اللعالمینؐ چوک سے شروع ہو کر عباسیہ سپورٹس کمپلیکس مرکزی تقریب میں پہنچی۔
مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف تھے جبکہ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن رانا نوید احمد، سی ای او ایجوکیشن راجن پور وزیر احمد آغا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کستورا جی شاد، راشدہ کامل،شکیل یوسف طارق سرور سمیت مختلف سپورٹس تنظیموں کے نمائندگان، ایتھلیٹکس، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جنوبی پنجاب اولپکس کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کرنے کو خوب سراہا۔انہوں نے اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں سے نظم و ضبط برقرا ررکھنے کے حوالہ سے حلف لیا۔بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا نے ہماری تمام صحت مندانہ سرگرمیوں کو بریک لگا دیا تھا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس موذی وباء کے اثرات کچھ کم ہوئے ہیں تو ہم اپنی معمول کی زندگی کی جانب واپس لوٹ رہے ہیں تاہم ابھی بھی خطرہ ٹلا نہیں ہے میں خصوصی طور پر بچوں کو پیغام دوں گا کہ وہ اپنی ویکسین کرائیں اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل ہمیں برداشت کا سبق دیتے ہیں مختلف کھیلوں میں مد مقابل ٹیموں میں سے ایک کی جیت جبکہ دوسری کو شکست ہوتی ہے مگر اس شکست میں بھی ایک بڑا سبق ہوتا ہے جس سے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتاہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ضلع رحیم یار خان کے بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے حالیہ سیرت النبیؐ کی تقریبات میں بھی بچوں نے اپنی پرفارمنس سے ثابت کیا کہ وہ ہر فیلڈ میں بیسٹ ہیں۔انہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے اور بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر محکمہ ایجوکیشن کے افسران، مختلف سپورٹس تنظیموں کے نمائندگان، اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سی ای ا وایجوکیشن رانا نوید احمد نے بتایا کہ ہمارے ضلع کی 11ٹیمیں اس میگا ایونٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔پنجاب کے ادبی مقابلوں میں بھی ضلع رحیم یار خان کے طلباء و طالبات نے شاندار کامیابی حاصل کی اور ہم پُر عزم ہیں کہ جنوبی پنجاب سپورٹس مقابلوں میں بھی ضلع رحیم یار خان لیڈ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیموں نے اس ایونٹ میں شمولیت کے لئے بھرپور تیاری کی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اولپک مشعل سی ای او ایجوکیشن ضلع راجن پور وزیر احمد آغا کے حوالہ کی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button