ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی برائے بانڈڈ لیبر کا اجلاس،سوشل سیکورٹی ہسپتال کا قیام

رحیم یار خان:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)بیرسٹر بلال سلیم نے کہا ہے کہ ضلع میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات میں بہتری اور ان کے خاندان کو صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی برائے بانڈڈ لیبر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری بشارت ہندل ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر میڈیکل سوشل سیکورٹی علی ہاشمی،ڈپٹی ڈائریکٹر ملک یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوٹرشاہد صدیق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی آصف حسین، صدر بھٹہ ایسوسی ایشن عارف وڑائچ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور مزدور تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)بیرسٹر بلال سلیم نے ڈائریکٹر میڈیکل سوشل سیکورٹی بہاولپور کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں سوشل سیکورٹی ہسپتال کے قیام کے حوالہ سے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں اور سوشل سیکورٹی ہسپتال کے لئے جو اراضی مختص کی گئی ہے اس پر جلد ورک پلان مکمل کرکے آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو پیشرفت سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو معاشی و سماجی تحفظ کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ مزدوروں کے بچے اور فیملی کے دیگر ممبران کو صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات باآسانی میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف تمام محکمے اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں جبکہ مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈ بنانے کے لئے بھی ادارے مقامی تنظیموں کے تعاون سے فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سے سوشل سیکورٹی کی مد میں جمع ہونے والی رقم اور اس کی تقسیم کے طریقہ کار سے بھی کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے۔

انہو ں نے ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھٹہ خشت تنظیم کے عہدیداران کے ساتھ مل کر بھٹہ خشت پر کام کرنے والے مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈ بنوائیں۔

صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری بشارت ہندل ایڈووکیٹ نے کہا کہ مزدوروں کو حقوق کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے وکلاء برادری مزدوروں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر ان کے ساتھ ہے

انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کے توسط سے مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈ سمیت سرکاری سطح پر دیگر مراعات کے حوالہ سے بھی وکلاء اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ ہمارا مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ مستفید ہو سکے۔

ڈائریکٹر میڈیکل سوشل سیکورٹی نے بتایا کہ چک 72کے نزدیک سوشل سیکورٹی ہسپتال کے لئے چھ کنال اراضی مختص کی گئی ہے اور جلد ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں سوشل سیکورٹی کی ڈسپنسریوں میں ادویات کی فراہمی شروع کر دی ہے اور مزدور خاندانوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button