چولستان ، رحیم یار خان میں گرمی یا پانی کی کمی سے مویشیوں کی کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئیں
رحیم یار خان:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم کی زیر صدارت ضلع رحیم یار خان کی حدود میں موجود چولستان میں حالیہ موسمی شدت و پانی کی کمی کے حوالہ سے مویشیوں کی ہلاکت کی خبروں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ریاست علی،چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وائلڈ لائف، ہیلتھ، لائیو سٹاک، چولستان رینجرز، ہوبارا فاؤنڈیشن اور یو اے ای پیلس انتظامیہ کے مقامی نمائندگان نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ چولستان میں مقیم خاندانوں اور ان کے مال مویشیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے جبکہ پانی کے متبادل انتظام کے لئے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی جبکہ کسی بھی مدد کے لئے پاک فوج، رینجرز، لائیو سٹاک اور یو اے ای پیلس انتظامیہ سے بھی تعاون حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندہ نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں اندرون چولستان سے80فیصد خاندان اپنے مویشیو ں کے ہمراہ باہر منتقل ہو چکے ہیں
جبکہ دیگر 20فیصد نے بھی اپنا مسکن پانی کے ٹوبہ جات یا دیگر ذرائع کے نزدیک بنا لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماسوائے یزمان کے ضلع کے کسی بھی چولستانی ایریا میں پانی کی کمی سے مویشیوں کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور یزمان میں بھی تین مویشی بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ چولستان میں انسانوں اور مویشیوں کو پانی کی فراہمی کے لئے متعدد مقامات پر پائپ لائن دستیا ب ہیں
جبکہ پائپ لائن کے توسیعی منصوبہ التواء کا شکار تھا جسے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ ہیلتھ، لائیو سٹاک مسلسل چولستانیوں سے رابطہ میں ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
محکمہ صحت کے نمائندہ نے بتایا کہ ضلع کے چولستان سے ملحقہ تین بنیادی مراکز صحت 24گھنٹے کام کر رہے ہیں
جبکہ موبائل ڈسپنسری یونٹ بھی ادویات کے ہمراہ اندرون چولستان وزٹ کر تے ہوئے موقع پر طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
لائیو سٹاک کی جانب سے بتایا گیا کہ مویشیوں کی ویسکین کا عمل جا ری ہے جبکہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بھی مکمل رابطہ میں ہیں
ضلع رحیم یار خان میں گرمی یا پانی کی کمی سے مویشیوں کی کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔
وائلڈ لائف کی جانب سے بتایا گیا کہ چولستا ن میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کیا گیا ہے۔
پیلس انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ضلع رحیم یار خان کے چولستان میں حالات کنٹرول میں ہیں اور اگر کسی جگہ پانی کی قلت محکمے رپورٹ کریں گے تو باؤزر کے ذریعے ان علاقوں میں پانی پہنچا دیا جائے گا
جبکہ انتظامیہ تمام محکموں سے رابطہ میں ہے اگر کوئی بھی ضرورت پڑی تو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔