ڈویژن میں آٹے، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے,محمد ظفر اقبال
رحیم یارخان : کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ بہاول پور ڈویژن میں آٹے، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے اور عوام الناس کو ارزاں نرخوں پر پھل، سبزیاں، اشیائے ضروریہ و اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کے لئے ڈویژن بھر میں 32رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں پر عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کیا۔کمشنر بہاول پور نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں قائم رمضان بازاروں میں 10کلوگرام آٹا کا تھیلہ 375/-روپے فی تھیلہ جبکہ چینی 65/-روپے فی کلوگرام کے حساب سے وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تینوں اضلاع کے انتظامی افسران اپنے اپنے اضلاع میں قائم رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی رعایتی نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔
نیز تمام اشیائے ضروریہ بشمول چینی اور آٹا کی رعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں اور بلاتعطل فراہمی کو بھی برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر کے انتظامی افسران رمضان بازاروں میں موجود اشیائے خوردونوش، سبزیوں اور پھلوں کے معیار کی مسلسل مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عام مارکیٹ میں بھی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے اور ایسے تمام عناصر جو ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مقرر کردہ ریٹ لسٹ سے زائدپر اشیاء فروخت کرنے میں ملوث پائے جائیں ان سب سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کا ویژن ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا۔