رحیم یارخان میں 1لاکھ76ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت عوامی صحت کے تحفظ اور انہیں کورونا وباءسے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کا رلا رہی ہے،
عوامی سہولت اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوانے کے لئے موبائل ویکسی نیشن کے ساتھ دیہی مراکز صحت پر بھی ویکسین کا آغاز کر دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر عمران عباس سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور تمام سرکار ی محکموں کے افسران نے اپنے ماتحت عملہ کی ویکسین کروانے کے بعد سرٹیفکیٹس لئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسی نہ لگوانے والے ملازمین کی تنخواہیں بند کر دی جائیںگی۔انہوں نے نجی انڈسٹریز اور کاروبار ی سیکٹرز کے مالکان اور ملازمین کی ویکسین نیشن کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع میں1لاکھ76ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت معذور افراد کی فلاح وبہبود و بحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہو اجس میں اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا سجاد احمدسمیت معذور افراد کی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران معذور افراد کے مسائل حل اور انہیں نجی اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب معذور افراد کی فلاح وبہبود و بحالی کے لئے کوشاں ہے اور سرکاری ملازمتوں میں3فیصد کوٹہ معذور افراد کے لئے مختص ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوشل ویلفیئر آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ لیبر کے ساتھ مل کر نجی اداروں میں بھی معذور افراد کے لئے ملازمتوں کی پالیسی پر عملدرآمد کرائیں اور عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے ضلع و تحصیل دفاتر میں فیسلیٹیشن سیل برائے معذور افراد قائم کریں تاکہ معذور افراد کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کیا جا سکے۔