کورونا ویکسی نیشن سنٹرز صبح 8تا رات8بجے تک کھلے رہیں گے،ڈی سی
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ این سی او سی کی ہدایت پر ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پر شہریوں کو ویکسی نیشن لگانے کا عمل صبح 8تا رات8بجے تک جاری رکھا جائے جبکہ ضلعی ہیڈ کواٹر پر شہریوں کو 24گھنٹے ویکسی نیشن لگانے کی سہولت شیخ خلیفہ ہیلتھ سائنس سکول دڑی سانگھی میں فراہم کرنے کے لئے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری کسی بھی وقت آکر کورونا سے تحفظ کی ویکسی نیشن لگواسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد کمیٹی برائے کورونا کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع میں کورونا کی صورتحال،دستیاب طبی وسائل، حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد اور کورو نا ویکسی نیشن کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو کی گئی
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید ، ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر عمران عباس سمیت دیگر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پر شہریوں کی سہولت ، کورونا ایس او پیز سمیت سماجی فاصلہ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ40سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین کو ویکسی نیشن لگانے کے عمل میں تیزی لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ شہریوں میں بھی بھر پور آگہی فراہم کی جائے کہ وہ ویکسی نیشن لگوائیں۔
اجلاس میں ضلع میں موجود کورونا کی موجودہ صورتحال بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 472ہے جبکہ 59ہزار797شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
corona vaccine centres rahim yar khan