سرکاری محکموں کے عدالتوں میں زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے,سید موسیٰ رضا

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے گذشتہ درمیانی شب دیہی مراکز صحت میانوالی قریشیاں اور اقبال آباد انٹر چینج پر قائم چیک پوسٹ کا سرپرائز وزٹ کیا۔
انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق موجود عملہ کی حاضری چیک کی۔ ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر میانوالی قریشیاں کے دورہ پر نائٹ شفٹ پر مامود میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ڈسٹرکٹ منیجر (پی ایچ ایف ایم سی)  کو ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے گذشتہ شب ڈھائی بجے  رورل ہیلتھ سنٹر میانوالی قریشیاں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات,  مشینری اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر میں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق نائٹ شفٹ میں غیر حاضر میڈیکل آفیسر کے خلاف کارروائی کے لئے  ڈسٹرکٹ منیجر (پی ایچ ایف ایم سی) کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں روسٹر کے مطابق تمام ڈاکٹرز و عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اقبال آباد انٹر چینج پر قائم چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور ڈیوٹی روسٹر کے مطابق محکمہ خوراک,  لائیوسٹاک,  زراعت کے اہلکاران کی حاضری کو چیک کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹ پر الرٹ ہو کر ڈیوٹی انجام دی جائے۔کسی صورت آٹا,  گندم اور کھاد کی غیر قانونی نقل و حرکت نہیں ہونی چاہئے جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ یقینی بنائے کہ کوئی بھی بیمار جانور ضلع میں داخل نہ ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری محکموں کے مختلف عدالتوں میں زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور اس ضمن میں محکمہ پراسیکوشن کو مسائل کا سامنا ہے تو آگا ہ کریں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ پراسیکوشن، میپکو، پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر محکموں کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکموں سے میٹنگ کا مقصد یہ ہے کہ ایک بہتر ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھا جائے اور اداروں کو درپیش مسائل سے آگہی رکھتے ہوئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ادارے بہتر انداز سے سروسز کے معیار میں تبدیلی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت،انہار، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت دیگر محکموں کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کے لئے بھجوائے گئے چالان کو مرتب کرکے عدالتوں میں موثر پیروی کی جائے تاکہ حکومت اورعوامی مفادات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو سزائیں دلوائی جا سکیں۔

انہوں نے میپکو حکام کو بھی ہدایت کی کہ ضلع بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے انتظامیہ اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی تاہم کسی بھی جگہ سے اوور بلنگ کی شکایات موصول نہیں ہونی چاہیے اور شہریوں کی جانب سے اوور بلنگ شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو بھی ٹیوب ویلز کے بلوں میں اضافی یونٹس ڈالنے اور اوور چارجنگ کی شکایات ہیں ایس ای میپکو کسان تنظیموں کے ساتھ مل کر کسانوں کی شکایات کا ازالہ کریں۔

 سید موسیٰ رضا سے آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگا ہ کیا۔وفد میں محبوب خان، چوہدری مقبول، فارق خان گوپانگ، ثناء اللہ سمیت دیگر موجود تھے۔


ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے مختلف مارکیٹس کا دورہ کرتے ہوئے عوامی سہولت کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈائزڈ آٹا کی دستیابی کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف دکانوں پر اشیاء روزمرہ کی قیمتوں اور سرکاری نرخ ناموں کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول عبدالماجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے دکانوں پر خریداری کے لئے آئے صارفین سے گفتگو کی اور اشیاء روزمرہ کی مقررہ قیمتوں سمیت سستے آٹا کی دستیابی بارے بھی معلومات حاصل کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع کی چاروں تحصیلوں میں عوام کو سہولت پہنچانے کے لئے 750سستے آٹا کے سیل پوائنٹس قائم کئے ہیں۔

سستے آٹا کے سیل پوائنٹس پر 10کلو گرام آٹا کا تھیلا490روپے جبکہ20کلو گرام 980روپے میں دستیاب ہے۔ا نہوں نے کہا کہ عوام کو سستا اور معیاری آٹا ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ متحرک ہے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک کے افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایات ہیں کہ ضلع بھر میں سستے آٹا کی قلت نہیں ہونی چاہیے اور تمام سیل پوائنٹس پر ضرورت کے مطابق آٹا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں دیگر اشیاء روزمرہ کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے اور تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز کے لئے خصوصی ہدایات ہیں کہ وہ اشیاء روزمرہ کی قیمتیں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ خریداری کے لئے آنے والے صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button