رحیم یارخان میں 32ارب سے زائد لاگت کے1640ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت
رحیم یارخان میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم پی اے چوہدری محمد آصف مجید، نمائندگان ارکان پارلیمنٹ چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری محمود احمد، چوہدری نعیم شفیق سمیت تعمیراتی محکموں سے منسلک ضلعی افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے شرکاءکو ضلع میں 32ارب سے زائد لاگت کے1640ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سمیت تکنیکی و انتظامی پہلوﺅں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رحیم یارخان میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے لئے تیز رفتار محکمہ جاتی اقدامات اٹھائے جائیں
جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت میں حائل مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ تمام تعمیراتی محکموں کے افسر ان ترقیاتی منصو بوں کی پیشرفت بار ے متعلقہ ارکان پار لیمنٹ سے رابطہ رکھتے ہوئے کارکردگی بارے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور میں ار کان پار لیمنٹ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق نشاندہی کردہ مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔
ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے پُر عزم ہے،
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ بھر میں تیز رفتار ترقی کا عمل جاری ہے اور موجودہ حکومت نمود نمائش کی نجائے بنیادی عوامی مسائل حل کرنے کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور ارکان پارلیمنٹ کی آراءپر عملدرآمد کے لئے ضلعی رابطہ کمیٹی اہم فورم ہے ارکان پارلیمنٹ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اپنی آراءاس کمیٹی میں دیں تاکہ فلاح عامہ کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جا سکے۔