رحیم یارخان : بزنس کمیونٹی کے لئے کاروبار دوست پروگرام کا آغاز
رحیم یار خان :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے لئے کاروبار دوست پروگرام کا آغاز، صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی ”ای بز“ پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
ضلعی فوکل پرسن سسٹم نیٹ ورک ایڈ منسٹریٹر جام محمد نعیم نے بتایا کہ ”ای بز“ پورٹل کاروباری سہولتوں کی فراہمی کی سمت حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو جدید، تیز اور شفاف سروسز فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب کاروباری افراد اپنے دفاتر یا گھروں میں بیٹھ کر ”ای بز“ پورٹل کے ذریعے مختلف کاروباری معاملات، لائسنس، رجسٹریشن اور لینڈ یوز کنورژن، نقشے، اجازت نامے سمیت دیگر سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ”ؑEBIZ“ پورٹل 13اکتوبر سے صوبہ بھر میں فعال ہو چکا ہے اور اب کوئی بھی محکمہ ان سروسز کی فراہمی کے لئے فائل اپنے آفس میں جمع کرنے کا مجاز نہ رہا ہے۔
تمام کاروباری حضرات اس پورٹل پر اپنی مطلوبہ سروسز آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کے اس اقدامات سے تاخیری جھنجھٹ، کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور بزنس کمیونٹی تیز رفتار و شفاف سروسز سے استفادہ حاصل کر سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر آفس سمیت ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز دفاتر میں ”ای بز (EBIZ)“ ہیلپ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں سے مزید معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔






