سرکاری آفیسران کو ذاتی مفادات کے لئے بلیک میل کرنے والے محکمہ تعلیم کے ناسور ہیں
رحیم یار خان: پنجاب ٹیچرز یونین رجسٹرڈ رحیم یارخان کے ضلعی صدر محمد خالد چودھری‘ ضلعی چیئرمین میاں طاہر محمود اختر‘ ضلعی جنرل سیکرٹری ارشد جہانگیر چغتائی اور تحصیل رحیم یارخان کے صدر محمد اظہر حسین نے کہا ہے کہ انتھک محنتی‘ دیانتدار اور فرض شناس سرکاری آفیسران کو ذاتی مفادات کے لئے بلیک میل کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کار محکمہ تعلیم کے ناسور ہیں۔
ایسے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور فرض شناس آفیسران کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین آفیسران کی کردار کشی اور بلیک میل کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتی ہے تاکہ محکمہ تعلیم کا مورال بلند رہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسے عناصر سابق سی ای او ایجوکیشن کے خلاف من گھڑت درخواستیں دے کر انہیں پریشان کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عثمان رشید اور اے ای او اعظم رشید مختلف کیسز میں سزا یافتہ ہیں اور اب بھی موجودہ سی ای او رحیم یارخان کو ہراساں کرنے کے درپے ہیں اور انہیں اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بلیک میلر عناصر کے خلاف تحقیقات کرکے حسب ضابطہ کارروائی کی جائے اور انہیں ان کے عہدوں سے معطل کیا جائے تاکہ محکمہ تعلیم کے جانبدار آفیسران بے خوف و خطر اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔