رحیم یارخان میں ڈاکو راج، ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ
رحیم یارخان:موٹروے ایم فائیو پر واردات کی نیت سے موجود ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ‘ تین ڈاکو مارے گئے‘ شناخت نہ ہونے پر نعشیں سردخانہ منتقل کردی گئیں‘
ایک ماہ سے رحیم یارخان سے سکھر تک موٹروے ایم فائیو پرنامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے تھے‘
ذرائع کے مطابق گذشتہ شب سندھ پنجاب بارڈر ایریا رونتی کے نزدیک موٹروے ایم فائیو پر واردات کی نیت سے موجود مسلح ڈاکوؤں نے سندھ پولیس کے جوانوں پر جان سے ماردینے کیلئے فائرنگ شروع کردی۔
اطلاع پر سندھ پولیس کے علاوہ رحیم یارخان پولیس کی بھاری نفری نے بھی علاقہ بھر کی ناکہ بندی کرلی تاہم اسی دوران فائرنگ کے تبادلہ میں واردات کی نیت سے موجود تین ڈاکو مارے گئے۔
شناخت نہ ہونے پر مارے جانیوالے ڈاکوؤں کی نعشوں کو مزید کاررروائی کیلئے ہسپتال کے سردخانہ منتقل کیاگیا ہے۔
اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ کے دوران موٹروے ایم فائیو رحیم یارخان سے سکھر تک رات کے وقت سفر کرنے والوں پر مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کے واقعات پیش آرہے تھے۔
فائرنگ کے نتیجہ میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کے علاوہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیت کا جواں سال بیٹا بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔
اس سلسلہ میں سندھ اورپنجاب پولیس کی جانب سے موٹروے ایم فائیو پر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
گذشتہ شب مبینہ مقابلے میں ڈاکوؤں کے مارے جانے سے موٹروے ایم فائیو پر سفر کسی حد تک محفوظ ہوجائے گا۔
رحیم یارخان اور اس کے نواحی علاقوں میں ڈاکو راج برقرار‘ مزید 3 وارداتوں میں مسلح ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کا ٹریکٹر‘ موٹرسائیکل‘موبائل فون‘ نقدی لوٹ کر فرار‘ پولیس کا متاثرین کی شکایت کے باوجود مقدمات کے اندراج سے گریز۔
ڈکیتی کی پہلی واردات اوچ شریف کے رہائشی زمیندار چوہدری ظہیر کے ڈرائیور اعجاز کے ساتھ پیش آئی جوٹریکٹر ٹرالی پر گنا شوگر ملز چھوڑ کر واپس جارہا تھا کہ موضع کامل لاڑ کے نزدیک کار پر سوار نامعلوم مسلح ڈاکووں نے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کا ٹریکٹر چھین لیا‘
ڈرائیور اعجاز کی مشقیں باندھ کر نزدیکی باغ میں پھینک کر موقع سے فرار ہوگئے۔ دوسری واردات پائی آہنہ کے رہائشی مجاہد عباس کے ساتھ پیش آئی جواپنے ساتھی اعجاز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر کام کے سلسلہ میں جارہا تھا کہ اسی دوران تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے روک کر ان کے پاس موجود 14ہزار کی نقدی‘ 60ہزار کے موبائل فون چھین لئے اور باآسانی موقع سے فرار ہوگئے
جبکہ تیسری واردات ریاض ٹاؤن کے رہائشی متین حیدر کے ساتھ پیش آئی جو اپنی ایک لاکھ سے زائد مالیت کی موٹرسائیکل پر کام کے سلسلہ میں بازار جارہا تھا کہ نہر کنارہ کے نزدیک دونامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر اس کے پاس موجود ایک لاکھ سے زائد مالیت کا موٹرسائیکل چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے متاثرین کی شکایت کے باوجود تاحال ڈکیتی کی ان وارداتوں کے مقدمات کا اندراج نہ کیا۔