احساس پروگرام کے تحت بچوں کو تعلیمی وظائف پرائمری سے اب یکم جولائی سے سیکنڈری تک دینے کا آغاز ہوگا‘ ڈاکٹر ثانیہ نشتر
اسلام آباد(:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت بچوں کو تعلیمی وظائف پرائمری سے اب یکم جولائی سے سیکنڈری تک دینے کا آغاز ہوگا۔
احساس کفالت پروگرام میں وسعت کے لئے سمری ارسال کی ہے۔وہ پیر کو یہاں احساس بچت بنک اکاﺅنٹ کے اسلام آباد سے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے سات اہداف اور 270 اقدامات ہیں،احساس ٹیم تندہی سے اس کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے،پروگرام کو موثر اور شفاف بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں،
دیانتداری کو یقینی بنانے کے لئے 32 نکات ترتیب دیئے ہیں،اس کی نگرانی کے لئے 32 ڈیش بورڈ ہیں جن کا ماہانہ جائزہ اجلاس میں جائزہ لیا جاتا ہے،
انہوں نے کہا کہ شفافیت اور بدعنوانی کی روک تھام ہمارا مشن ہے،احساس کفالت پروگرام کے لئے سروے 88 فیصد مکمل ہوگیا ہے،ون ونڈو کا وزیر اعظم دوہفتے تک افتتاح کریں گے،
احساس کفالت پروگرام سے اس وقت 70 لاکھ خاندان مستفید ہورہے ہیں ،اس کو وسعت دینے کے لئے سمری ارسال کررکھی ہے،
بچوں کو اس وقت اس پروگرام کے تحت پرائمری تک تعلیمی وظائف دیئے جارہے ہیں اسے یکم جولائی سے سیکنڈری تک وسعت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد تحصیل کی سطح پر ڈیسک قائم کئے جائیں گے جہاں رہ جانے والے مستحق لوگ اپنا اندراج کروا سکیں گے۔