قبضہ مافیا کے سرغنہ کاقبضہ کی خاطر گھر گھس حملہ‘ خواتین اور بچوں پر شدید تشدد
رحیم یارخان :قبضہ مافیا کے سرغنہ کا 9 سے زائد ملزمان کے ہمراہ غریب محنت کش کی زمین پر قبضہ کی خاطر گھر گھس حملہ‘ خواتین اور بچوں پر شدید تشدد‘ خاتون کو گھسیٹتے رہے‘
حالت خراب ہونے پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل‘ پولیس بھاری ”لکشمی“ کی چمک کے باعث ملزمان کیخلاف کارروائی سے گریزاں‘ متاثرین کا آئی جی پنجاب‘ ڈی پی او رحیم یار خان‘ اے ایس پی خان پور سے فوری کارروائی کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق رحیم یارخان کی تحصیل خانپور کے چک 70 اے جناح آبادی کے رہائشی منیر احمد کے 7 مرلہ کے پلاٹ پر بااثر افراد نے قبضہ کرلیا‘
ملزمان اسلحہ لہراتے متاثرہ شخص کے گھر میں گھس گئے‘گھر میں موجود مرد اور خواتین کو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
27 سالہ خاتون موبائل پر ملزمان کی ویڈ بنارہی تھی کہ ملزم نجیب اللہ نے خاتون کو بالوں سے پکڑ کر مارتے اور گھسیٹتے رہے جبکہ ملزمان اللہ وسایا‘نجیب اللہ‘ حبیب اللہ‘رب نواز‘محمد سلیم و دیگر ملزمان نے گھر میں داخل ہوکر گھر میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی اور ملزم اللہ وسایا نے 7 مرلہ پلاٹ کے جعلی کاغذات بھی بنا رکھے ہیں مگر کوئی بھی پوچھنے والا نہیں
جبکہ ملزمان متاثرہ شخص کو جان سے مارنے اور جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کے ملزمان قبضہ گروپ اور بااثر افراد ہیں جسکی وجہ سے تھانہ صدر خانپور پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو میری جان کو خطرہ ہے۔
متاثرہ شخص نے الزام عائد کیاکہ پولیس نے ملزمان سے بھاری رشوت وصول کی ہے اس لئے انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی۔
متاثرہ شخص منیر احمد نے آئی جی پنجاب‘ڈی پی او رحیم یار خان اور ایس پی خانپور سے قبضہ مافیا سے زمین واگزار کروانے اور ملزمان کو گرفتار کرنے اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔