انٹر نیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں 135مردریسرز اور 8خواتین ریسرز شریک ہوں گے
رحیم یارخان(ڈیسک) انٹر نیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں 135مردریسرز اور 8خواتین ریسرز شریک ہوں گے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں حصہ لینے والے ریسرز کی گاڑیوں کی رجسٹریشن و فٹنس اور ڈرائیور حضرات کے طبی معائنہ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
منیجر موٹر سپورٹس ایونٹ ٹی ڈی سی پی فیاض احمد نے بتایا کہ سٹاک کیٹگری میں ریسرز 231کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے جبکہ پریپیئرڈ کیٹگری 500کلومیٹر طویل ٹریک پر مشتمل ہے۔
اسی طرح خواتین کی 2کیٹگریز کے لئے بھی 130کلومیٹر طویل ٹریک ہے۔ ڈرٹ بائیک ریس میں 50کلومیٹر طویل ٹریک پرمقابلہ ہو گا جبکہ پیراگلائیڈنگ کے لئے بھی70کلومیٹر طویل ریس منعقد کی جائے گی۔
بہاول پور: 9/فروری : ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ و فوکل پرسن ڈاکٹر خالد چنڑ نے کہا ہے کہ17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے شرکائے ریلی اورسیاحوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اوراس سلسلہ میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر متعلقہ عملہ کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جو اس دوران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال کی ہدایت کے مطابق 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بنیادی مراکز صحت ڈیراور، 105ڈی این بی، رورل ہیلتھ سنٹر کھتڑی بنگلہ، رورل ہیلتھ سنٹر ہیڈ راجکاں، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ24گھنٹے کھلے رہیں گے اور تمام متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود ہو گا۔
ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نے مزید بتایا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے 5میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح دو میڈیکل کیمپ قائم کر کے فعال کر دیئے گئے ہیں۔