پلاننگ ڈویژن نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے پہلا براہ راست رابطہ
بہاول پور: 8/فروری :وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرپلاننگ ڈویژن نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے پہلا براہ راست رابطہ کیا اور پلاننگ ڈویژن اسلام آباد اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے مابین ورچوئل کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جنوبی پنجاب میں مختلف پراجیکٹس شروع کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز ورچوئل کانفرنس میں شریک ہوئے۔چئیر مین پی اینڈ پنجاب نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔
ورچوائل کانفرنس میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے جنوبی پنجاب کے لئے اعلان کردہ منصوبوں کے لئے میگا فنڈنگ پر اتفاق کیا گیا اور خطے کے11 اضلاع میں دو رویہ شاہرائیں اور برجز تعمیر کرنے کے لئے منصوبوں کی نشاندہی کی گئی۔
اعلیٰ کوالٹی کے زرعی بیج کی سرٹیفکیشن اور مارکیٹنگ، رحیم یار خان سے آم اور کنوں کی برآمدات بڑھانے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا اور آم کے باغات کی رجسٹریشن کرنے اور باغبانوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
لائیو سٹاک کے فارمرز کو بہتر منافع دلانے کے لئے مختلف اقدامات پر مشاورت کی گئی اور اس سلسلے میں جنوبی پنجاب میں جدید سلاٹر ہاوسسز کی تعمیر اور حلال میٹ پروڈکشن کی سہولت فراہم کرنے پر بحث کی گئی
جبکہ جانوروں کی کھالوں کے لئے جدید پراسسینگ سنٹر قائم کرنے بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ چولستان اور ڈیرہ غازیخان میں حلال کمپلیکس قائم کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ورچوئل کانفرنس میں جنوبی پنجاب میں فش پراسیسنگ پلانٹ کی تنصیب، کمرشل فش فیڈ مل کے قیام،صحت کے شعبے میں سہولیات کے اضافے اور سولرائزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مشاورتی کانفرنس میں زیر بحث لائے گئے منصوبوں بارے ایک ہفتے میں پیپر ورک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لائیو سٹاک، زرعی پیداوار، آم کے باغات،فش فارمنگ اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کاونٹ کا ڈیٹا فراہم کرے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب کو پلاننگ ڈویژن کو ڈیٹا فراہمی کے لئے فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال پر مریضوں کا دباو بڑھ رہا ہے اس لئے بہاولپور میں ایک بڑے ہسپتال کے قیام کے لئے تجاویز تیار کی جائیں اور جگہ کا انتخاب کیا جائے۔
اجلاس میں جنوبی پنجاب کے کے سیکرٹری پی اینڈ ڈی شعیب سید، سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈر ہیلتھ کئیر تنویر اقبال تبسم، سیکرٹری جنگلات و ماہی پروری سرفراز مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ شعیب امجد خان ترین اور سیکرٹری لائیو سٹاک نے شرکت کی۔