جنگلات کا عالمی دن، 12ہزار مقام منتخب،پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی ,مریم نوازشریف
پلانٹ فار پاکستان
رحیم یارخان (ڈیسک )جنگلات کا عالمی دن، مساجد،درباروں اور بھٹوں کے گرد ”گرین زون“ کیلئے 12ہزار مقام منتخب، ہر پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی: مریم نوازشریف
”لنگز آف لاہور“، ”رنگ آف لاہور“ کے تحت شہر میں درخت اگاؤ مہم کا بھی آغازکیا جارہا ہے،شجرکاری مہم کا عنوان ”ٹو پلانٹ اے ٹری“ مقرر
شجرکاری مہم کیلئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر براہ راست نگرانی کیلئے خصوصی ڈیش بورڈ قائم، موبائل ایپ پر ڈیٹا اپلوڈبھی کیا جائیگا
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی علما، اساتذہ، طلباء، وکلا، ڈاکٹرزسمیت تمام طبقات اور تعلیمی، تجارتی، سماجی، کاروباری اداروں سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر جنگلات کے عالمی دن پر صوبے بھر میں شجر کاری مہم کاآج (21 – مارچ)سے ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق مساجد، درباروں اور بھٹوں کے گرد ”گرین زون“ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے 12 ہزار مقامات منتخب کر لئے گئے۔
شجر کاری مہم میں پہلی بار ہر پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔ ”لنگز آف لاہور“ اور”رنگ آف لاہور“ کے تحت شہر میں خصوصی درخت اگاؤ مہم کا بھی آغازکیا جارہا ہے۔
مہم کا عنوان ”درخت لگاؤ“(ٹو پلانٹ اے ٹری) رکھا گیا ہے۔عوام میں پودے تقسیم کرنے کا بھی آغاز ہو گیا۔سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آگاہی مہم کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔
تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز، تقریری مقابلے اور پینٹنگ کے مقابلے بھی ہوں گے اور نماز جمعہ کے خطبات میں دینی حوالوں سے شجرکاری کی مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔
شجرکاری مہم کے لئے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کواہداف سونپ دیئے گئے اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کو بھی شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کا عملہ بھی مہم میں حصہ لے گا اوروزراء بھی شریک ہونگے۔
شجرکاری مہم کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر براہ راست نگرانی کے لئے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی موبائل ایپ پر ڈیٹا اپلوڈ کیا جائے گا۔
”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کے تحت،نجی و سرکاری یونیورسٹیاں، ہاؤسنگ سوسائٹیاں، سرکاری دفاتر اور بے آباداراضی پر شجرکاری ہوگی۔
ساڑھے 5 ہزار ایکڑ خالی پڑی صنعتی اراضی پر شجرکاری کی جائے گی اور ویڈیوز ریکارڈنگ کے ذریعے ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے علماء کرام، مشائخ عظام، اساتذہ، طلباء، وکلا، ڈاکٹرز، کسان، مزدور، میڈیا، سمیت تمام طبقات اور تعلیمی، تجارتی، سماجی، کاروباری اداروں، صنعتوں، کارخانوں سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
شجرکاری مہم کے لئے سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس کے دوران 15 ملین درخت لگانے کا ہدف مقررکر دیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ”پلانٹ فار پاکستان“– ”ہر شہری ایک درخت“ کا پیغام عام کرنے کیلئے عوامی آگاہی مہم ضروری ہے۔
آج درخت لگائیں گے تو آنے والی نسلوں کی زندگی کی حفاظت ہوگی
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کےمطابق ” پلانٹ فار پاکستان”شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی زیرِ صدارت اجلاس ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کےمطابق ” پلانٹ فار پاکستان”شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پلانٹ فار پاکستان ڈے پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کی تقریب کے انعقاد و انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عرفان انور ،اسسٹنٹ کمشنر عبد الحنان خان، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری محمد شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا سمیت محکمہ صحت ، تعلیم ، زراعت ، انہار ، لوکل گورنمنٹ، سپورٹس ، ماحولیات ، بلڈنگ ، ہائی ویز افسران نے شرکت کی ۔ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر عظیم ظفر نے پلانٹ فار ڈے کے اہداف و انتظامات بارے شرکاء کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے اپنے خطاب میں کہا کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں مقصد ہے۔
پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر ضلع میں 1 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے شہری وزیراعلی کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری اپنے گھر، دفتر میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں، کیونکہ ماحولیاتی تغیر ہم سب کا مسلۂ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ پودوں کی حفاظت بارے نظام وضع کیا جارہا ہے جس سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔
"شہری گوگل پلے سٹور سے” پلانٹ فار پاکستان ایپ ڈائون لوڈ کریں اور بذریعہ ایپ پلانٹس لگانے کے بعد تصویر بنا کر ڈیٹا اپ لوڈ کریں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)عرفان انور نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر سول سوسائٹی کے تعاون سے تیار پودے لگائے جارہے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈی او جنگلات عظیم ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان کی افتتاحی تقریب خواجہ فرید کالج میں صبح ساڑھے نو بجے منعقد ہو گی۔
ضلع کی نرسریوں سے شہری پودے حاصل کر کے شجرکاری میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب میں 500 جبکہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔
محکمہ جنگلات صحت و تعلیم محکموں کو 90 ہزار پودے فراہم کرے گا۔