رحیم یارخان,راجن پور کچہ ایریا میں سرگرم اغوا برائے تاوان گینگز کی تشویشناک صورتحال

رحیم یارخان : پنجاب کی ٹیل کے اضلاع رحیم یارخان اور راجن پور میں امن و امان کی صورتحال اور کچہ ایریا میں سرگرم اغوا برائے تاوان گینگز کی تشویشناک صورتحال پر عوامی پارلیمنٹ کا آل پارٹیز اجلاس بلانے کیلئے رابطے تیز ہوگئے ،

پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سردار حبیب الرحمٰن خان گوپانگ نے اس حوالے سے مشاورت کیلئے مکی مسجد سیکرٹریٹ میں جے یوآئی ف پنجاب کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری چیئرمین عوامی پارلیمنٹ علامہ عبدالرئوف ربانی سے ملاقات کی ، پی پی پی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مرشد سعید ناصر بھی اُن کے ہمراہ تھے ،

دونوں رہنمائوں نے 3 صوبوں کے سنگم پر شہریوں کی سلامتی کو درپیش مختلف سنگین چیلنجز کو اجاگر کرنے اورعوامی پارلیمنٹ کا آل پارٹیزاجلاس بلانے کی تیاریوں پر علامہ عبدالرئوف ربانی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے اس مشترکہ کاز میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے علامہ عبدالرئوف ربانی سے فون پر گفتگو بھی کی اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور 3 صوبوں کے سنگم کے عوام کو درپیش امن وامان کے مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے ،

اُنہوں نے کہا کہ وہ رحیم یارخان آمد پر جلد مکی مسجد میں قائم عوامی پارلیمنٹ سیکرٹریٹ آئیں گے اور مل بیٹھ کر تمام عوامی ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے تا کہ مشترکہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا سکے ۔

علامہ عبدالرئوف ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مخدوم سید احمد محمود کی کچہ ایریا کے عوام کے جان ومال کی سلامتی کیلئے کی جانیوالی عملی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آپ کے متحرک ہونے سے صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے تاکہ اس مسئلے سے مستقل بنیادوں پر نمٹا جا سکے ،

علامہ عبدالرئوف ربانی نے کچہ ایریا کے عوام کے مسائل کو قومی اسمبلی میں اجاگر کرنے پر صادق آباد سے پیپلزپارٹی کےمنتخب ایم این اے مخدوم سید مرتضیٰ محمود اور روجھان سے پی ٹی آئی کے منتخب رکن قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری کے جرات مندانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ تمام منتخب نمائندے اسی انداز میں اپنے ضلع کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر سامنے لائیں تو معاملات کے فوری حل کا امکان بڑھ جاتا ہے ،

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار حبیب الرحمان گوپانگ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیمیں عوامی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گی کیونکہ یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور یہ ایسا حساس معاملہ ہے کہ کوئی جماعت اس پر سیاست کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی ،

اس موقع پر اُنہوں نے کچہ ایریا میں پیش آنے والے مختلف تشویشناک واقعات اور پولیس کے رویئے کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ گفتگو کی اور بتایا کہ سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے اس حوالے سے آئی جی پنجاب انعام غنی کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی ہے جس کے بعد صورتحال میں تبدیلی آ رہی ہے ،

علامہ عبدالرئوف ربانی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد خان مزاری نے بھی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی ہے اور بتایا ہے کہ اغوا برائے تاوان گینگز والے اس قدر دیدہ دلیری پر اُتر آئے ہیں کہ دریائے سندھ کے کچہ ایریا سے نکل کر اب روجھان شہر میں آ کر بھی وارداتیں کرنے لگ گئے ہیں ۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button