رحیم یارخان:270کنال اراضی شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال کے نام منتقل
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور ضلع کے مریضوں کو سہولیات فراہمی کے لئے270کنال اراضی شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال کے نام منتقلی کے مصدقہ ریونیو دستاویزات پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری اور ایم ایس ڈاکٹر عمران بشیر کے حوالے کر دیئے۔
مجوزہ اراضی شیخ زیدمیڈیکل کالج و ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی توسیعی منصوبوں کے لئے استعمال ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے ملحقہ قیمتی اراضی شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے توسیعی منصوبوں کی تعمیر کے لئے مختص کی گئی ہے تاکہ آبادی کے تناسب سے طبی سہولیات میں اضافے کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری نے شیخ زید ہسپتال و میڈیکل کالج کے توسیعی منصوبوں کے لئے زمین کی فراہمی و منتقلی میں خصوصی دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی اور اراضی منتقل کرنے پر حکومت پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔