لیاقت پور :شہری و دیہی علاقوں میں شاہرات کا جال بچھانے کی تیاریاں شروع
رحیم یار خان:ضلع بھر میں عوام کو بہتر و معیاری سفری سہولیات فراہمی کے لئے شہری و دیہی علاقوں میں شاہرات کا جال بچھایا جا رہا ہے،
حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع میں بہترین روڈ نیٹ ورک کے لئے وسیع فنڈز فراہم کئے ہیں جس سے شاہرات کی مرمت اور از سر نو تعمیر کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے تحصیل لیاقت پور کے دورہ پر محکمہ ہائی ویز کے زیر انتظامیہ شاہرات کی تعمیر کے منصوبوں کی پیشرفت اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہری اور دیہی آبادی کے بنیادی مسائل کے حل کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیر و ترقی کے خصوصی پیکج کا اجراءکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی نے مختلف شاہرات پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔