فلسطینی مسلمان نمازیوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ درحقیقت ملت اسلامیہ پر حملہ ہے
رحیم یارخان: نہتے مظلوم فلسطینی مسلمان نمازیوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ درحقیقت ملت اسلامیہ پر حملہ ہے‘ اسرائیلی درندوں کی شرمناک‘ بزدلانہ اور گھناؤنی کارروائیاں نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ عالم اسلام کی غیرت ایمانی کو للکارنے کے مترادف ہے‘
بے حس اور اقتدار پرست نام نہاد عرب حکمرانوں کی ناکامیوں کے سبب دنیا بھر بالخصوص فلسطین‘ کشمیر کے مظلوم مسلمان نہ صرف کفر کے مظالم کا شکار ہیں بلکہ یہود ونصریٰ مظلوم مسلمانوں کو بڑی بیدردی سے گاجرمولی کی طرح کاٹ کر صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ان خیالات کااظہار جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صوبائی صدر علامہ نوراحمدسیال‘ ڈویژنل صدر چوہدری محمدریاض نوری‘ ضلعی صدر محمداختر خان ایڈووکیٹ‘ سٹی صدر محمداکرم نورانی‘ ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی سیف الرحمن اویسی‘ مولوی عبدالحمید غفاری‘ راؤ فقیر حسین چشتی‘ راؤ ریاض ناصر اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمود حسن چوہان نے اپنے مشترکہ بیان میں فلسطین کے مسلمانوں پر اسرائیلی درندوں کے ظلم وبربریت اور تشدد کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔
علاوہ ازیں جے یوپی کے صوبائی صدر علامہ نوراحمدسیال نے ملاقات کرنے والے جے یوپی کے رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی مسلمان اس وقت جس ظلم وبربریت کا شکار ہیں اس پر تمام امت مسلمہ کو متحد ہوکر ان کا ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسلمان قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور کفار کے ظلم وستم سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر جہاد کرنے کیلئے میدان عمل میں نکل آئے۔