شہید ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع کے ورثا ءکو خصوصی شہید پیکیج دے دیا گیا

رحیم یارخان :وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے شہید ایکسائز انسپکٹر حافظ محمد رفیع اور زخمی ایکسائز انسپکٹر محمد ثناءاللہ بھٹی کے ورثا ءکو خصوصی شہید پیکیج کے بالترتیب2کروڑ85 لاکھ اور 25 لاکھ روپے کے چیک دے دئیے گئے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد مسعود مختار اور ایڈیشنل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ پنجاب احمر نائیک نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس بہاول پور شہید پیکیج کے تحت مذکورہ افسران کے ورثاءکو چیک دئیے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ان بہادر افسران کی قربانی ایک لازوال مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے شہید پیکیج کے علاوہ بھی شہدا ءکی فیملی کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اپنے شہید ساتھیوں کی فیملی کو مالی مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس پنجاب محمد مسعود مختار نے کہا کہ شہداءہمارے محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے شہید پیکیج کے اجراءپر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی فورس کا مورال بہت بلند ہے اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ پنجاب احمرنائیک نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانی سے ان کے خاندانوں کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہداءکے ورثاءکے لیے ہر ممکن معاشی و سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تقریب میں ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بہاول پور رانا انتخاب، ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل امجد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد سرور، شہداءکی فیملی اور محکمہ کے افسران و ملازمین شریک ہوئے۔

یادر ہے کہ ضلع رحیم یارخاں میں جولائی2023ءمیں منشیات فروش گینگ کے خلاف کارروائی کے دوران محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے انسپکٹر حافظ محمد رفیع نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ انسپکٹر محمد ثناءاللہ بھٹی زخمی ہوگئے تھے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس سروس کی طرزپر خصوصی پیکیج منظور کیا گیا۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button