ڈی پی او اسد سرفراز خان کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل کے ازالہ کے لیے احکامات جاری کر رہے ہیں
رحیم یارخان : ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ عوام کو ایسا انصاف فراہم کریں کہ انہیں کسی اور فورم پر نہ جانا پڑے۔ پولیس افسران ضلعی سطع پر عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کی کھلی کچہری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو مقامی طور پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور یہ سلسلہ شروع دن سے تا حال پوری نیک دلی، خوش اصلوبی اور بلا تعطل جاری ہے اور جاری رہے گا،
انہوں نے کہا کہ انصاف کا ایسا نظام واضع کرنے کے لیے پوری طرح کوشاں ہوں کہ عوام کو پہلے تو تھانہ اور چوکی کی سطح پر انصاف ملے،
اس کے بعد سرکل پولیس افسران بھی بلا ناغہ عوام کی شکایات سن رہے ہیں اور میں خود پہلے روز تعیناتی سے تا حال کھلی کچہری کا انعقاد اسی نیت سے کر رہا ہوں کہ کوئی بھی شخص یہ نہ کہہ سکے کہ ڈی پی او تک اس کی رسائی نہیں اور اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ ضلع کی سطح پر عوام کو اطمینان بخش انصاف ملے اور انہیں ضلع سے باہر کسی بھی فورم پر نہ جانا پڑے۔
اس سلسلہ میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز کو بھی واضع ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ عوام کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھیں اور پولیس کے لیے کوئی خاص و عام نہ ہو ہر ایک کو برابری اور میرٹ پر انصاف فراہم کریں اور ان کی شکایات کا ازالہ ہر صورت کیا جائے،
اس موقع پر انہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کی درخواستیں سنیں اور فراہمی انصاف کے لیے احکامات جاری کئے۔