کیا یہ سیکرٹریٹ بہاول پور کو این ایف سی ایوارڈ میں سے حصہ دے سکتا ہے؟رحمت خان وردگ
رحیم یارخان:تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا قیام بھی خوش آئند ہے لیکن بہاولپور صوبے کی بحالی پہلی ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ بہاولپور کے عوام سے عہد شکنی کرتے ہوتے ون یونٹ کے خاتمے کے وقت بہاولپور کو علیحدہ صوبہ نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے حکومت سے فوری طور پر بہاولپور کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر چھوٹے صوبوں کا قیام استحکام پاکستان کی ضمانت ہے اس وقت پاکستان کی آبادی 23کروڑ سے تجاویز کر چکی قیام پاکستان کے وقت 6کروڑ پچاس لاکھ آبادی تھی،
آج 23کروڑ آبادی صوبے صرف چار‘ بارہ کروڑ سے زائد آبادی صرف پنجاب صوبہ کی ہے جو انتظامی امور چلانے کے لیے بہت مشکل ہے۔
موجودہ حکومت قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے چھوٹے صوبوں کے قیام کے لیے قرارداد منظور کرائے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے عوام کو لولی پاپ کے طور پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ دے دیا گیا ہے جس کا مقصد سوائے پریس کانفرنس کرنے اور میڈیا میں خود کو زندہ رکھنے کے کچھ نہیں ہے۔
کیا یہ سیکرٹریٹ بہاول پور کو این ایف سی ایوارڈ میں سے حصہ دے سکتا ہے؟
کیا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاول پور کے بے آب و گیاہ چولستان کو پانی کی فراہمی کے لئے کوئی لنک کینال کھود کے دے سکتا ہے؟
کیا اس سیکرٹریٹ کے تحت جنوبی پنجاب پبلک سروس کمیشن الگ سے بنایا گیا ہے یا نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے پاکستان کو مزید چھوٹے چھوٹے صوبوں اورانتظامی یونٹوں میں تقسیم کیا جائے اوربہاولپورصوبہ بحال کیا جائے تا کہ احساس محرومی کا شکار مختلف علاقوں کے لوگوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ، دریائی پانی اور ترقیاتی بجٹ میں برابر حصہ مل سکے۔