رحیم یار خان:یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ریجن کی تاریخ کا میگا کرپشن سکینڈل سامنے آگیا
رحیم یارخان :یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن رحیم یار خان ریجن کی تاریخ کا میگا کرپشن سکینڈل سامنے آگیا‘
سینکڑوں کلو گھی اور کئی من چینی پرائیویٹ مافیا کو دیتے سپلائی گاڑی پکڑی گئی‘کافی مقدار میں گھی اور چینی اپنی جیب خرچ کے طور پر واپس لیکر بھی روانہ‘
21 فروری کو میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ریجنل منیجر کے ایکشن نہ لینے پر کرپٹ ملازمین کے حوصلے بلند ہو ئے۔
وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے عوام کی سہولت کی خاطر اربوں روپے کی خطیر رقم سے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی جانب سے جاری ریلیف پیکیج ریجن رحیم یار خان میں اہلکاران کیلئے کمائی کا ذریعہ بن گیا اور ضلع بھر میں موجود 5 درجن سے زائد یوٹیلیٹی سٹورز میں سے کچھ پر تعینات ملازمین دھڑلے سے روزانہ لاکھوں روپے مالیت کا مال سرعام ادھر ادھر کرنے لگے۔
گزشتہ روز میڈیا کو اطلاع ملی کہ وئیر ہاوس رحیم یار خان سے چینی‘گھی و دیگر اشیائے خردونوش لیکر خان بیلہ‘جن پور و دیگر سٹورز پر سپلائی لانے والی گاڑی نمبر RNS 1469 پر کے ایل پی روڈ خان بیلہ پر تعینات انچارج سٹور مولوی منیر احمد آج سینکڑوں کلو گھی اور کئی من چینی جدید ٹیکنیکل طریقہ سے سٹور کی بجائے شیدانی شریف میں پرائیویٹ مافیا کو پہنچائے گا
جس پر میڈیا کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر شیدانی شریف جا کر سپلائی لیکر آنے والے مزدا نمبر RNS 1469 کو چیک کیا تو اسکے عملہ نے وہاں پر ہزاروں روپے مالیتی 500 کلو گھی‘3 من چینی پر مشتمل 3 تھیلے اتارے اور بچنے والا1 تھیلا چینی‘25 کلو گھی گاڑی کا عملہ واپس لیکر چلا گیا۔
اس موقع پر میڈیا نے وئیر ہاؤس سے جاری سامان کی ڈیبٹ لسٹ دکھانے کا کہا تو گاڑی عملہ اور پرائیویٹ مافیا نے دکھانے سے انکار کر دیا۔یاد رہے کہ 21 فروری کو بھی میڈیا نے مولوی منیراحمد کی کرپشن کی تفصیلی نشاندہی کی تھی مگر آفیسران کے مبینہ چہیتے ہونے کی وجہ سے کارروائی نہ ہوئی اور الٹا کاروائی نہ ہونے پر اسکے حوصلے بلند ہوگئے۔