30کروڑ سے زائد کی لاگت کا میانوالی قریشیاں ہسپتال پر تیزی سے کام جاری ہے۔

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزادنے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی پیشرفت کا جائز ہ  لیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی فنڈزکا شفاف، عوامی ترجیح اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے استعمال پنجاب حکومت کا ویژن اوراس پر عملدرآمد متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہو گی جبکہ کسی صورت بھی ان فلاحی فنڈز کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظاہر پیر سیوریج اسکیم، میانوالی قریشیاں ہسپتال سمیت دیگر زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانپور محمد یوسف چھینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈوویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کا ویژن ہے کہ بغیر کسی سیاسی تفریق کے صرف عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو تجویزکیا جائے

جس سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید اور معیاری زندگی میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ30کروڑ سے زائد کی لاگت کا میانوالی قریشیاں ہسپتال اور 35کروڑ سے زائد لاگت سے زیر تعمیر ظاہر پیر سیوریج اسکیم عوام کا درینہ مطالبہ تھا جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے دونوں منصوبوں کی پیشرفت اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران باقاعدگی سے جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ کرتے رہیں تاکہ معیاری تعمیراتی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور تمام تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت ہے کہ متعلقہ حلقوں کے عوامی نمائندگان کو بھی فلاح عامہ کے منصوبوں کی پیشرفت بارے آگاہ رکھا جائے اور تسلسل کے ساتھ ان کے وزٹ کرائے جائیں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button