رحیم یار خان میں بھی سیاحت کا عالمی ویک بھرپور انداز سے منایا
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی سیاحت کا عالمی ویک بھرپور انداز سے منایا جائے گا اور اس دوران ضلعی انتظامیہ سیاحت کے دفروغ میں دلچسپی رکھنے والی این جی اوز اور دیگر شخصیات کے ساتھ مل کر اپنے ضلع کی سیاسی، سماجی، ثقافتی اور معاشی اقدار کو اجاگر کرنے کے لئے پروگرام ترتیب دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنرآفس سے روہی بائیکرز اور کراس روٹ کلب کے زیر اہتمام سیاحت کے عالمی ویک کے آغاز کی تقریب کاافتتاح اور منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی، سماجی رہنما فرحان عامر ایڈووکیٹ، روہی بائیکر کلب کے عہدیدار خرم حفیظ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع رحیم یا رخان سیاحتی لحاظ سے ایک اہم مقام رکھتا ہے یہاں وسیع و عریض خوبصورت چولستان، دریائے سندھ اور دیگر قدیمی ورثہ موجود ہے جسے ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرکے یہاں روزگار کے مواقع بھی میسر کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سیاحت کے عالمی ویک کے موقع پر یہ بائیکرز ضلع کے تمام سیاحتی و ثقافتی اور تاریخی مقامات پر جاکر سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور پائیدار سیاحت کے بارے میں شعور اجاگر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہماری صحت مندانہ سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں مگر اب پنجاب حکومت وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کے ویژ ن پر کورونا ایس او پیز کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہے اور ضلع میں بھی ایسے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہیوی بائیک چلا کر موٹر بائیک ریلی کا افتتاح کیا۔