رحیم یارخان:متحد ہونے کی خاطر عملی کردار ادا کرنا ہوگا‘محمودحسن چوہان
رحیم یارخان: جمعیت علماء پاکستان کے ضلعی ناظم نشرواشاعت محمودحسن چوہان نے کہا ہے کہ جب تک مشائخ عظام‘ علماء کرام ایک پلیٹ فارم پر یکجا نہیں ہوں گے اس وقت تک عوام اہل سنت کو مشکلات سے نجات نہیں ملے گی‘
محراب ومنبر کے وارثان اور صوفیا کرام کو ماننے والوں کو اپنی خواہشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہونے کی خاطر عملی کردار ادا کرنا ہوگا‘
شمع رسالتؐ کے پروانے اکثریت رکھنے کے باوجود مفاد پرست اور خوشامدی ٹولوں کے سبب عوام اہل سنت مسائل ومشکلات کا شکار ہیں‘ اہل سنت کی کامیابی اتفاق واتحاد میں ہے۔
انہوں نے ان خیالات کااظہار خانبیلہ کے نواحی علاقہ موضع احمدعلی لاڑ بستی چانڈیہ کی جامع مسجد غوثیہ میں مولانا عبدالرشید سعیدی کی میزبانی میں منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مولانا قاری عاشق حسین سعیدی‘ مولانا قاری اللہ ڈتہ اویسی‘ محمدعلی شان آف لاہور بھی موجود تھے۔ جے یوپی کے رہنما محمود حسن چوہان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ قیام پاکستان میں قربانیاں دینے والے اکابرین اہل سنت کی اولادیں متحد ہوجائیں۔
محمودحسن چوہان نے کہا کہ معمولی ذاتی مفادات کے خواہش مندوں نے اہل سنت کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ محمودحسن چوہان نے چند روز قبل ملک میں بڑھتی انتشار کی فضاء کے خاتمے کیلئے مفتی منیب الرحمن کی جانب سے کی گئی کوششوں کوسراہا۔