رمضان بازاروں کے فوائد سے کما حقہ مستفید کرنے کے لئے کوالٹی پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا
رحیم یار خان:سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب طاہر یوسف نے کہا ہے کہ صارفین کو رمضان بازاروں کے فوائد سے کما حقہ مستفید کرنے کے لئے اشیاءکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر کے ہمراہ تحصیل خانپور میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ز محمد یوسف چھینہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب طاہر یوسف نے مختلف سٹالز پر سبزیوں، پھلوں ، دالوں ، گوشت او ردیگر اشیاءکا معیار چیک کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجا ب کی جانب سے ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر فراہم کردہ سبسڈی کے حامل پھل و سبزیاں اعلیٰ کوالٹی کی فروخت کی جائیں۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ کسی سٹال پر گھٹا کوالٹی کی اشیاءنظر نہیں آنی چاہیے اور اسسٹنٹ کمشنر زاس کو یقینی بنانے کے لئے از خود اور اپنے سٹاف کو متحرک کریں کہ وہ مختلف اوقات کار میں رمضان بازاروں کا وزٹ کرتے ہوئے پھل و سبزیوں سمیت دیگر سٹالز پر دستیاب اشیاءکے معیار کا خصوصی جائزہ لیں اور صارفین کی سہولیات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز ، سماجی فاصلے اور صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔انہوں نے آٹا ، چینی کے سٹالز پر جا کر آٹا کی کوالٹی اور چینی کے وزن کا چیک کیا۔
انہوں نے اپنے دورہ کے دوران صار فین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت رمضان بازاروں کے ذریعے براہ راست عوام کو اشیاءروز مرہ عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں خانپور مضان بازار میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ پر غیر معیار ی سبزی و پھل فروخت کرنے پر ای اے ڈی اے کو سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی خانپور کو شوکاز نوٹس اور وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر حکومت پنجاب کی جانب سے13آئٹم پر فراہم کی جانے والی سبسڈی کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ کروائیں گے اور رمضان بازاروں میں سے تمام غیر معروف برانڈ کی اشیاءخورو نوش کو فوری طور پر ہٹانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ز کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت پنجاب کورونا وائرس کے سدباب کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے او رتیز رفتاری سے شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹر خانپور میں آنے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ڈی او ہیلتھ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ویکسی نیشن سنٹر میں عملہ کی تعداد، ویٹنگ ایریا میں پنکھے، بزرگ شہریوں کے لئے پینے کا ٹھنڈا پانی سمیت دیگر اقدامات کو فوری مکمل کرائیں۔