عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے,کمشنر
رحیم یارخان :بہاولپور ڈیسک ،کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر کے تینوں اضلاع بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خاں میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے کھمبوں، بجلی کی جھولتی ہوئی تاروں اور ٹرانسفارمرز کی مناسب جگہوں پر منتقلی و تنصیب اور ڈویژن بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں چھوٹی سڑکوں کی مرمت کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ویڈیو لنک اجلاس میں تینوں اضلاع کے انتظامی افسران شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے 195بجلی کے پولز، 109مقامات پر لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں اور 15مقامات پر ٹرانسفارمرز کی مناسب جگہوں پر منتقلی کے حوالہ سے نشاندہی کی گئی تھی
جن میں سے 156بجلی کے کھمبوں، 97مقامات پر بجلی کی جھولتی ہوئی تاروں اور 14ٹرانسفارمرز کو مناسب جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھر کے دیہی علاقوں میں 144کلومیٹر طویل 88سڑکوں جبکہ شہری علاقوں میں 588کلومیٹر طویل 83سڑکوں کی مرمت کے حوالہ سے بھی نشاندہی کی گئی تھی
جن میں سے دیہی علاقوں کی سڑکوں کی مرمت کا 54فیصدکام جبکہ شہری علاقوں کی سڑکوں کا 86فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے
جبکہ باقی ماندہ کام بھی مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے اور عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات و ریلیف کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔