مظلوم کشمیری مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں۔
رحیم یار خان:ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سے نکالی جانے والی ریلی میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری آصف مجید، رکن صوبائی اسمبلی یدھسٹر چوہان، ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، شمیل مرزا سمیت ضلعی محکموں کے افسران و ملازمین، وکلاء، علماء کرام، سول سوسائٹی، تاجر تنظیموں ک رہنماؤں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے آغاز سے قبل کشمیری شہداء کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیر و پاکستان کا ترانہ بجایا گیا۔ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر فور م پر کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام عالم مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کا خاصبانہ قبضہ ختم کرائے کیونکہ کشمیر کی آزادی سے ہی خطے میں پائیدار امن ممکن ہو سکتا ہے اور جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جاتا اس خطہ میں امن ممکن نہیں۔
ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جاں ہے، مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے،
وزیر اعظم عمران خان اقوام عالم میں کشمیر کا مقدمہ بہتر انداز سے لڑ رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سٹی پارک چوک پر اختتام پذیر ہوئی جہاں پر کشمیر کی آزادی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔
لیاقت پور :تحصیل انتظامیہ کی طرف سے یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل کے تمام اداروں سمیت سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان اور تمام ریسکیو سٹاف نے شرکت کی۔
ریلی میں کشمیر بنے گا پاکستان اور انڈیا مردہ آباد کے نعرے لگائے گئے۔ریلی تحصیل میونسپل کمیٹی سے شروع ہوئی اور چوک گھنٹہ گھر سے ہوتی ہوئی واپسی تحصیل میونسپل کمیٹی میں اختتام پذیر ہوئی۔
آخر میں مظلوم کشمیری عوام اور شہداء کے حق میں دعا کی گئی۔