خواجہ فرید یونیورسٹی میں فکر فرید سیمینار,کیلیگرافی کے فن پاروں کی نمائش
رحیم یار خان : خواجہ فرید یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے زیر اہتمام فکر فرید کے حوالے سے سیمینار اور کیلیگرافی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سجادہ نشین دربار حضرت خواجہ غلام فرید (رح) جناب خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ تھے۔
سیمینار میں صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان جناب خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ مہمان مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ غلام فرید (رح) کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
خواجہ غلام قطب الدین فریدی کا کہنا تھا خواجہ غلام فرید کی شاعری سے ہمیں محبت الٰہی، عشق مصطفی کے ساتھ معاشرتی ہم آہنگی کا درس ملتا ہے۔
خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے طلبا کو دیوان فرید پڑھنے اور تعلیمات فرید کو سمجھ کر اپنے عمل کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو معاشرتی و مذہبی ہم آہنگی کا تصور ہمیں فکر فرید سے ملتا ہے وہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تعلیمات فرید کو اپنا کر ایک مستحکم، ہم آہنگ اور روشن معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دیوان فرید سے موضوع کی مناسبت سے اشعار پڑھ کر ان کی تشریح بھی کی۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے مہمان مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مقررین کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔ اس موقع پر مولانا ریاض نوری، مجیب ارجمند خان، ڈاکٹر شاہد حبیب، ڈاکٹر ثمینہ ثروت، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر جلات خان، دیگر فیکلٹی ممبرز اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔