سرائیکی وسیب کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا نہ ہونا افسوسناک ہے
رحیم یارخان:پورے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات، انسانی جانوں کے ضیاع اور مویشیوں کی اموات انتہائی افسوسناک ہیں سرائیکی وسیب کے متاثرہ علاقوں میں دیگر صوبوں کی طرح مربوط ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا نہ ہونا اس سے بھی زیادہ افسوسناک ہے
وزیراعظم پاکستان خصوصا حکومت پنجاب کو چاہیے کہ انتظامیہ کو اپنے دفاتر سے باہر نکالے اور مشکل کہ اس گھڑی میں پھنسے وسیب کے لوگوں کی بھرپور مدد کرے
ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف، راجن پور اور دیگر علاقوں میں متاثرین اب بھی ریسکیو اور ریلیف کے منتظر ہیں۔
ان خیالات کااظہارسرائیکی ویمن ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن کرم اخترنے سینئر صحافی واینکرپرسن اختر شاہین رند، جنرل سیکرٹری سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن پروین طاہر، سیما اکرام، کوٹلہ پٹھان کے سماجی رہنماء نوید خان جتوئی اورصدرآوازویلفیئر ایسوسی ایشن کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب میں میٹ دی پریس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
کرم اختر نے کہاکہ ہماری ٹیم ضلع راجن پور کے سیلاب متاثرین میں کپڑے اورامدادی سامان تقسیم کررہی ہے سیلاب متاثرین کے لیے انہوں نے کراچی میں سرائیکی رہنماء ملک رحمت اللہ، سعید کھوسہ ودیگربھائیوں کی مدد سے امدادی کیمپ لگایاتھا
آج متاثرین سیلاب میں سلے ہوئے کپڑے، امدادی اشیا اورنقدی تقسیم کی جائے گی انہوں نے کہاکہ بارشوں سے تباہی عظیم انسانی المیہ ہے آفت زدہ پاکستانیوں کی مدد میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے اور مل کر سیلاب زدگان کی امداد کی جائے اہل خانہ مال مویشی اورگھر بار سے محروم ہوجانے والے سیلاب متاثرین کے زخموں پرمرہم رکھنا ہم سب کافرض ہے ہمارے وہ بھائی جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں
جن کے جانی اور مالی نقصان کا ازالہ کرنا تو ممکن نہیں ہے مگر ہم سب کو سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہئے وہاں تک خوراک،دوائیاں، کپڑے، خیمے اورضرورت زندگی کی تمام بنیادی اشیاء مہیا کرنی چاہیے انشاء اللہ سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن جتناممکن ہوسکے گاسیلاب زدگان کی امدادکویقینی بنائے گی۔