آسمانی بجلی گرنے کے واقعات 8 افراد جان سے گئے
رحیم یارخان:ضلع بھر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں دوکمسن بھائیوں‘ میاں بیوی سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے‘ لاکھوں روپے مالیت کے مویشی بھی ہلاک ہوئے‘ دوافراد کوبیہوشی کی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
رحیم یارخان اور اس کے نواحی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے چک 181پی کا رہائشی 20سالہ چرواہا محمدآصف جاں بحق ہوگیا جبکہ ساتھی سراج احمدکو جھلس کر شدید زخمی ہونے پر بیہوشی کی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
اسی طرح آسمانی بجلی گرنے کا دوسرا واقعہ چک 24پی ماڑی اللہ بچایا میں پیش آیا جہاں مویشی چرانے کے دوران آسما نی بجلی گرنے سے 24سالہ سردار بلوچ جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے بھائی کریم بلوچ کو شدید زخمی ہونے پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
آسمانی بجلی گرنے کا تیسرا واقعہ بستی کریم بخش کورائی ٹھل حسن میں پیش آیا جہاں آسما نی بجلی گرنے سے 40سالہ محمدرفیق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
آسما نی بجلی گرنے کا چوتھا واقعہ بستی بلہوڑا موضع فیض آباد رکن پور میں پیش آیا جہاں دو حقیقی بھائی 10سالہ سائفل اور 8سالہ شاہزیب جوکہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے کہ آسما نی بجلی گرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پانچواں واقعہ بستی کھوکھراں فیروزہ میں پیش آیا جہاں 45سالہ عبدالحفیظ اپنی 40سالہ بیوی کلثوم بی بی کے ہمراہ کھیتوں میں گندم کی کٹائی کررہاتھا کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے دونوں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چھٹا واقعہ چک 181ون ایل چولستان میں پیش آیا جہاں آسما نی بجلی گرنے کے نتیجہ میں 12سالہ شاہد جاں بحق ہوگیا۔
اسی طرح آسما نی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں مویشیوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ کھیتوں میں آگ لگنے کے باعث کھڑی فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔