پلاٹ کے تنازعہ کی رنجش پر فائرنگ‘ بیٹا قتل‘ باپ سمیت تین زخمی
رحیم یارخان:پلاٹ کے تنازعہ کی رنجش پر فائرنگ‘ بیٹا قتل‘ باپ سمیت تین زخمی‘ طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل‘ پولیس نے مقتول کی نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے سردخانہ منتقل کردی‘ فریقین میں پولیس کی موجودگی میں صلح ہونے کے باوجود فائرنگ کا واقعہ پیش آیا‘ ذرائع۔
گلشن اقبال کا رہائشی 22سالہ اسد اپنے والد شبیررافع‘ ساتھیوں حسنین طارق‘ عبدالسمیع وغیرہ کے ہمراہ بھٹہ کالونی میں موجود تھا کہ اسی دوران تنازعہ کی رنجش پر ملزمان نے جان سے ماردینے کیلئے فائرنگ کردی
جس کے نتیجہ میں اسد زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا جبکہ باپ شبیر رافع‘ ساتھی حسنین طارق‘ عبدالسمیع زخمی ہوگئے
جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اس سلسلہ میں ابتدائی معلومات کے مطابق فریقین کے درمیان پلاٹ کی ملکیت کا تنازعہ چلا آرہا تھا تاہم پولیس کی موجودگی میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی
جس کے باوجود ملزمان نے فائرنگ کی۔پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔
پلاٹ کے تنازع کی رنجش پر نوجوان کے قتل کے معاملہ میں پولیس نے دوحقیقی بھائیوں سمیت درجن سے زائدافراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا‘
مقتول کے بھائی محمدشبیررافع کی مدعیت میں پولیس نے دوحقیقی بھائیوں سمیت درجن سے زائد افرا کے خلاف قتل‘ اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کامقدمہ درج کرلیا‘
تاہم24گھنٹے گزرجانے کے باوجودپولیس کسی بھی ملزم کوگرفتارکرنے میں ناکام رہی۔