رحیم یارخان:پاکستان پوسٹ میں لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع ۔خالد اویس رانجھا
رحیم یارخان : پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھا اور پوسٹ ماسٹر جنرل ملتان ڈاکٹر محمداکرم نواز نے رحیم یارخان کا دورہ کیا۔
جنرل پوسٹ آفس کے دونوں آفیسران نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز رحیم یارخان غفران امجد کے ہمراہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رحیم یارخان کیمپس کے کانفرنس ہال میں ضلع بھر کے پوسٹ آفس فرنچائزر کے ساتھ میٹنگ کی۔
اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے پو سٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھا نے بتایا کہ پاکستان میں پو سٹ آفس وسیع نیٹ ورک رکھتا ہے اور اب مزید نئے پروگرامز شروع کرنے جارہے ہیں جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈیجیٹل دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی سروسز کو بہتر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس فرنچائز کی سہولت دے کر روزگار کے مواقع پیدا کررہا ہے اور اب فرنچائز دوسری کوریئر کمپنیز کی طرح ہوم سروسز بھی فراہم کریں گے۔میٹنگ میں خالد اویس رانجھا اور ڈاکٹر محمداکرم نواز نے ضلع بھر سے آئے ہوئے فرنچائزرز سے انہیں درپیش مسائل سنے اور سروسز میں بہتری کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پرڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز رحیم یارخان غفران امجد نے پو سٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھا اور پوسٹ ماسٹر جنرل ملتان ڈاکٹر محمداکرم نوازسرائیکی اور سندھی اجرکوں کے تحفے بھی پیش کئے۔