دن دیہاڑے آٹھ ملزمان دو لڑکیوں کو بھرے بازار سے زبردستی اغوا کرکے فرار
رحیم یار خان :دن دیہاڑے آٹھ ملزمان دو لڑکیوں کو بھرے بازار سے زبردستی اغوا کرکے کار میں ڈال کر فرار ہوگئے‘ پولیس نے ورثاء کی مدعیت میں مقدمات درج کرلیے۔
پہلا واقعہ نیازی کالونی کے رہائشی محمد حضر حیات کے ساتھ پیش آیا
جوکہ اپنی 13 سالہ بیٹی ماروی حیات کو 12 اپریل کو دوائی لینے کے لیے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ہسپتال روڈ پر میڈیکل سٹور لے گیا
جہاں وہ دوائی لینے کے لیے سٹور میں داخل ہوگیا اور بیٹی ماروی حیات باہر کھڑی تھی کہ اسی دوران چار کار سوار ملزمان راشد علی وغیرہ آگئے اور اسلحہ کے زور پر زبردستی بیٹی ماروی حیات کو اغوا کرلیا اور کار میں ڈال کر فرار ہوگئے
جبکہ دوسرا واقعہ بھٹہ کالونی کے رہائشی محمد ساجد کے ساتھ پیش آیا جوکہ اپنی بھتیجی 17 سالہ شیلہ بی بی کو موٹر سائیکل پر عید کی خریداری کے لیے بازار لے آیا اور وہ خود سٹی پل نہر کنارے کھڑا ہوگیا اور بھتیجی شیلہ بی بی خریداری کے لیے جامعہ قادریہ بازار چلی گئی جسے چار ملزمان اللہ دتہ وغیرہ نے زبردستی اغوا کرلیا اور کار میں ڈال کر فرار ہوگئے۔
پولیس تھانہ سٹی اے ڈویژن نے ورثاء کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف اغوا کے الگ الگ مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی۔