ہسپتالوں میں آن لائن سسٹم کانفاذمریضوں کے لیے عذاب بن گیا

رحیم یارخان:حکومت پنجاب کی جانب سے ہسپتالوں میں آن لائن سسٹم کانفاذ عذاب بن گیا‘ غریب‘مستحق‘ شوگرکے مریضوں کو مفت فراہم کی جانیوالی انسولین کے حصول کیلئے لمبی لائنیں‘ متاثرہ شوگر مریض خود حاضر ہونے کی شرط نے بزرگ شوگرمریضوں کے لئے مفت انسولین کے دروازے بند کردیئے۔

حکومت رائج کیئے جانیوالے آن لائن سسٹم کوبہتر بناکر مفت انسولین کی فراہمی کے نظام کو بہتربنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔

پنجاب کی نگران حکومت نے کچھ عرصہ قبل ہسپتالوں کوفراہم کی جانیوالی مفت انسولین سمیت ادویات کی چوری کی روک تھام کیلئے پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں آن لائن سسٹم کانفاذ کیاتھا جس کے لئے مریض قومی شناختی کارڈ سمیت پرچی حاصل کرکے مفت انسولین یا میڈیکل چیک اپ کروا سکتاہے تاہم نفاذ کیئے جانے والے اس نظام میں عدم سہولیات کے باعث عذاب بن کر رہ گیا ہے خصوصی طورپر شوگر کے غریب اورمستحق مریض جنہیں ہسپتال سے ماہانہ کی بنیاد پرایک یادوبوتل انسولین مفت فراہم کی جاتی ہے آن لائن سسٹم کے نفاذ کے باعث ان مستحق مریضوں پر مفت انسولین کے دروازے بند ہوچکے ہیں۔

کیونکہ آن لائن سسٹم کی بنیاد پر اندراج میں تاخیر کے باعث لمبی لائنیں لگ جاتی ہیں اور وقت پر ختم ہوجانے پر آدھے سے زیادہ انسولین کے حصول کیلئے آئے ہوئے عمررسیدہ مریض خالی ہاتھ گھروں کو واپس لوٹ جاتے ہیں اور انسولین کی عدم فراہمی کے باعث روز بروز شوگر کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کاشکارہورہے ہیں۔

شیخ زید ہسپتال میں مفت انسولین کی فراہمی کیلئے صبح 7بجے ہی آنا شروع ہوجاتے ہیں اوردیکھتے ہی دیکھتے ہسپتال کے مقررہ وقت سے قبل لائن میں کھڑے ہونیوالوں کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ جاتی ہے جس میں ایسے افراد کی تعداد زیادہ ہے جوعمررسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ شوگرکے مرض میں بھی مبتلاہیں۔

اندراج کیلئے لگائے گئے کاؤنٹرنہ ہونے کے باعث مفت انسولین کاحصول ناممکن ہوتاجارہاہےجبکہ اس موقع پر ہسپتال میں تعینات سیکورٹی عملہ بھی ایسے عمر رسیدہ شوگرمریضوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیارکرتاہے جوگھنٹوں لائن میں کھڑے ہوکر انسولین حاصل کیئے بغیر ہی گھرواپس لوٹ جاتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے آن لائن سسٹم کانفاذ کیاجانا شوگرکے علاوہ دیگرمرض میں مبتلا مریضوں کیلئے مفت چیک اپ کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہےحکومت اورہسپتال انتظامیہ کو فوری طورپر ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے خصوصاً شوگرکے مریضوں کوانسولین کے حصول کیلئے درپیش مشکلات کم ہوسکیں

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button