چولستان 1200گھرانوں پر مشتمل 3ہزار300نفوس رہائش پذیر ہیں
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کا اندرون چولستان کا تفصیلی دورہ۔خشک سالی سے متاثرہ چولستانی مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے اندرون چولستان میں مقیم اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں، مال مویشیوں کے لئے حکومتی اداروں کی جانب سے ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا،
متعلقہ محکموں کی جانب سے چولستانیوں کو فراہم کی جانے والی امدادی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)بیرسٹر بلال سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ریاست علی، اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور سرمد علی بھاگت، اسسٹنٹ کمشنر خانپور الماس ثاقب، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان سمیت محکمہ لائیو سٹاک، چولستان رینجرز، وائلڈ لائف، میونسپل سروسز، محکمہ انہار، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
متعلقہ محکموں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع رحیم یار خان چولستانی ایریا میں اندرون چولستان 1200گھرانوں پر مشتمل 3ہزار300نفوس رہائش پذیر ہیں جبکہ تقریباً ڈھائی لاکھ چھوٹے بڑے مال مویشی بھی چولستان میں موجود ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چولستان میں خشک سالی ہوتے ہیں 70فیصد خاندان اپنے مال مویشی کے ہمراہ باہر محفوظ جگہوں پر منتقل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ مال، لائیو سٹاک، ہیلتھ کی ٹیموں نے چولستان سے باہر منتقل ہونے میں معاونت فراہم کی اس وقت اندرون چولستان میں 400افراد پر مشتمل نفوس اور ان کے ہمراہ5ہزار چھوٹے بڑے جانور موجود ہیں
جبکہ 2لاکھ40ہزار سے زائد مال مویشی محفوظ اور پانی کے نزدیک منتقل ہو چکے ہیں اور اکثریتی آبادی میں چولستان سے باہر پانی کے نزدیک منتقل ہو چکی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جو خاندان تاحال اندرون چولستان موجود ہیں انتظامیہ ان کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے اور واٹر باؤزر کے ذریعہ چولستان میں مقیم خاندانوں اور ان کے مویشیوں کے لئے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ابو ظہبی پیلس انتظامیہ اور میونسپل حکام کے واٹر باؤزر چولستانیوں کو پانی فراہم کر رہے ہیں۔
محکمہ لائیو سٹاک کی 2اور محکمہ صحت کی 3موبائل ٹیمیں اندرون چولستان مقیم خاندانوں اور ان کے مویشیوں کو میڈیکل سروسز فراہم کر رہی ہیں علاوہ ازیں چولستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے خاندانوں کی سہولت کے لئے بھی مختلف مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے بیس کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، ریسکیو1122، مال، وائلڈ لائف، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی و دیگر تعاون کرنے والے ادارے تمام بنیادی سامان، ادویات اور پانی کے ہمراہ موجود ہیں۔
محکمہ انہار کے افسران نے بتایا کہ چولستان کو آنے والی تما م نہریں چلا دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف روزانہ کی بنیاد پر چولستان میں جاری
ریسکیو اینڈ ریلیف اپریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں اور حکومت کی ہدایت ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے چولستانی بھائیوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی حدود میں موجود چولستانی اور ان کے مال مویشیوں کا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز مکمل ریکارڈ رکھیں جبکہ اندرون چولستان موجود اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کا بھی مکمل ڈیٹا متعلقہ افسران کے پاس موجود ہونا چاہیے تاکہ ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اندرون چولستان رہ جانے والے خاندانوں اور ان کے مال مویشیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے فی خاندان 350لیڑ کا پانی کا ٹینک فراہم کرے گی جو آئندہ24گھنٹوں میں اندرون چولستان مقیم خاندانوں تک پہنچا دیا جائے گا اور ان پانی کے ٹینکوں میں واٹر باؤذر کے ذریعہ مسلسل صاف پانی فراہم کیا جائے گا
جبکہ 350لیٹر پانی کے ساتھ محکمہ صحت 20ساشے (او آر ایس) کے بھی فراہم کرے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ چولستان کو سیراب کرنے والی نہروں میں پانی چوری کی روک تھام کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں
اس کے لئے ضروری ہے کہ مقامی افراد چولستان کو سیراب کرنے والی نہروں میں پانی چوری کرنے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ فوری ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے چولستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تمام محکمے مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں اور آپ لوگوں، مال مویشیوں کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ چولستان رینجرز، ابوظہبی پیلس انتظامیہ، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میونسپل اداروں کے پاس موجود واٹر باؤذر کا مکمل ریکارڈ رکھتے ہوئے
انہیں آبادی والے علاقوں میں تقسیم کر دیا جائے جو فوری پانی کی ضرورت کو پورا کریں گے جبکہ اندرون چولستان مقیم خاندانوں کو متعلقہ محکموں کے رابطہ نمبر ز بھی فراہم کئے جائیں تاکہ کسی بھی مشکل کی صورت میں وہ فوری طور پر متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے مدد حاصل کر سکیں۔
انہوں نے چولستان میں امدادی سرگرمیوں میں تعاون کرنے پر ابو ظہبی پیلس انتظامیہ، چولستان رینجرز اور دیگر اداروں و افراد کا شکریہ ادا کیا۔