رحیم یارخان:یوسف رضا گیلانی سینٹ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہوں گے،جعفر اقبال گجر
رحیم یار خان:پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما و سابق ڈپٹی سپیکر قو می اسمبلی سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں پی ڈی ایم اے کے حمایت یافتہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اکثریت سے کامیاب ہوں گے،
حکومتی ناقص پالیسیوں اور انتقامی سیاست نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، حکومتی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے اور سینٹ انتخابات میں وہ کسی پیرا شوٹر کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر عوامی اعتماد کو مزید ٹھیس نہیں پہنچا سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میں سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئر حسن بخاری، مرکزی رہنما پیپلز پارٹی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ودیگر پی ڈی ایم اے میں شامل جماعتوں کے رہنماﺅں سے ملاقات کے دوران کیا۔
چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ارکان پارلیمنٹ پر عدم اعتماد کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے،
سینیٹ انتخابات پی ٹی آئی کے لئے سرپرائز ہوں گے ، تبدیلی کی دعویدار حکومت نے سینیٹ کے تمام ٹکٹ ارب پتی افراد کو دیئے جس پر اپوزیشن تو کیا ان کی اپنی پار ٹی کے ارکان پار لیمنٹ کو تحفظات ہیں اور حکومت نے اپنے ہی ار کا ن پار لیمنٹ کو بلیک میل کرنے کے لئے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے صدارتی آرڈیننس لے آئی جسے جمہوری قوتوں نے مل کر ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ آئینی ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے اور جب تک پارلیمنٹ ترمیم نہیں کرتی رائے شماری خفیہ ہو گی اور اب عدلیہ نے بھی الیکشن کمیشن کے موقف کی تائید کر دی ہے جس سے آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی توقیر میں اضافہ اور اسے مزید تقویت حاصل ہو گی۔