ظاہرپیر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹی کو نوٹس
رحیم یارخان :ٹاون کمیٹی ظاہرپیر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹی کو نوٹس، تین روز کے اندر جواب جمع نہ کروانے پر قانونی کارروائی اور جرمانے کی وارننگ،
ٹاون کمیٹی کی جانب سے ظاہرپیر میں قائم کیے گئے ملک ممتاز ٹاوّن،ڈاکٹر کالونی، ملک ٹاوّن نامی ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے مالکان ملک گل زمان، علی زمان، گوہر زمان وغیرہ کو غیر قانونی اور بغیر نقشہ کے تعمیر قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے ٹاون کمیٹی ظاہرپیر کی جانب سے دیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز غیر قانونی طور پر تعمیر کی جارہی ہیں،
ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کی تعمیر کےلیے کسی بھی مجاز اور قانونی اتھارٹی سے نقشہ منظوری یا اجازت نامہ نہیں لیا گیا، غیر قانونی ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے مالکان کو تین روز کے اندر نوٹس کا جواب دینے کا پابند کیا گیا ہے جواب نہ جمع کروانے کی صورت میں قانونی کارروائی کرنے کی وارننگ دی گئی ہے،
واضح رہے کہ مذکورہ غیر قانونی ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھ لیے گئے ہیں، ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے مالکان کی جانب سے بنیادی سہولیات بجلی گیس، سیوریج اور سڑکوں کی سہولیات بھی مہیا نہیں کی گئیں،
جبکہ مالکان نے ہیر پھیر کرکے انتقال رجسٹری کی مد میں کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری بھی کرلی ہے، اہلیان علاقہ سماجی رہنماؤں نے شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھنے والے ٹاونز اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے مالکان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے_