ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی…… سیاحت، ثقافت اور تجارت
ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی , تحریر.. عابد حسن رضوی
رحیم یارخان (ڈیسک)بہاول پور ڈویژن میں واقع چولستان پاکستان کا اہم صحرا جو کہ 26000 مربع کلومیٹر سے زائد رقبہ پر مشتمل ہے۔
اس کے جنوب مشرق میں ہندوستان کا صحرا راجستھان ہے۔ چولستان کو روہی بھی کہتے ہیں۔ یہاں کے اکثر لوگ خانہ بدوش ہیں۔
کم بارش کے باعث وہ پانی اور سبزے کی تلاش میں نقل مکانی کرتے رہتے ہیں۔ اس خطہ کی ثقافت، تہذیب و تمدن، چولستانی فنکار، گلوکار اور دستکار اپنی مثال آپ ہیں۔
چولستان کے صحرا کی تاریخ اور اس کی اہمیت کواجاگر کرنے اور اسے ونٹر ٹورازم (Winter Tourism)کے طور پر متعارف کرانے کے لیے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد حکومت پنجاب کا شاندار اقدام ہے۔
سال2005ء میں پہلی مرتبہ صحرا چولستان میں قلعہ ڈیراور کے مقام سے چولستان ڈیزرٹ ریلی کا آغاز ہوا جس میں ملک بھر سے موٹر سپورٹس کے شائقین کو مدعو کیا گیا۔
چولستان ڈیزرٹ ریلی کو کامیاب بنانے میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، رینجرز، ٹی ڈی سی پی، فور ویل کلب، ہوبارہ فاؤنڈیشن کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
چولستان ڈیزرٹ ریلی گزشتہ 16 سالوں کی طرح امسال بھی شایان شان فیسٹیول کے طور پر منائی جائے گی جس میں ملک اور بیرون ملک سے موٹر سپورٹس لور شرکت کریں گے۔
اس انٹرنیشنل سطح کے موٹر سپورٹس ایونٹ سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور چولستانی لوگ اپنی ثقافت اور فن کو فروغ دے سکیں گے۔
اسی طرح انہیں اپنے ہینڈی کرافٹس جس کی ملک بھر میں پذیرائی حاصل ہے اسے دنیا بھر میں متعارف کرانے کا شاندار موقع ملے گا۔
وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورترجمان حکومت پنجاب و مشیر وزیر اعلیٰ برائے ٹورازم حسان خاور نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں یہی وجہ ہے کہ چولستان کے لق و دق صحرا میں ڈیزرٹ ریلی منعقد کر کے اس خطہ میں ونٹر ٹورازم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
سیاحوں کی کشش کے لیے جہاں ڈیزرٹ ریلی ہوگی وہاں اس سال بھی ڈرٹ بائیک شو، پاور پیرا گلائیڈنگ اور ٹینٹ پیگنگ (Tent Pegging) کا اہتمام کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں خواتین کے مابین پریپیئرڈ کیٹگری اور سٹاک کیٹگری کے علیحدہ مقابلے منعقد ہوں گے۔
کھانے پینے کے سٹالز لگائے جائیں گے۔ کبڈی میچ، اونٹوں کا شو، آتش بازی اور کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دِلوش سٹیڈیم کے مقام پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، آرٹس کونسل، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے ”ٹریڈ میلہ“ منعقد ہوگا جس میں ہینڈی کرافٹس کی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے اس نمائش میں ہنر مندوں کی تیار کردہ مصنوعات پیش کی جائیں گی اور انہیں دنیا کے سامنے مارکیٹنگ کرنے کا موقع ملے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر حکومت نے سیاحوں کے لیے قلعہ ڈیراور کے قریب سیاحتی ریزارٹ تعمیر کیا گیا ہے جو بہت خوبصورت ہے۔
اس مقام سے چولستان کا شاندار منظر نہایت پرکشش ہے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے روٹس کی مرمت و بحالی کے کام کے ساتھ ساتھ دلوش سٹیڈیم اور اس کے نزدیک سیاحوں کی آسانی کے لیے سائن بورڈ نصب کیے جا رہے ہیں۔
عالمی سطح کے ایونٹ کو کامیاب اور پرکشش بنانے کے لیے پاک فوج، رینجرز، ڈویزنل و ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹی ڈی سی پی، ہوبارہ فاؤنڈیشن اور دیگر اہم ادارے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ریسکیو1122کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے کیمپس قائم ہوں گے۔ محکمہ ہیلتھ کی ایمبولینس ڈیزرٹ ریلی کے روٹس پر تعینات ہوں گی۔
ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی میں حصہ لینے والے ڈرائیورز اور شائقین کے لیے خصوصی خیمہ بستی قائم ہوں گی اور سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔
پروگرام کے مطابق 9 فروری کو دلوش سٹیڈیم چولستان میں کنٹرول روم فنکشنل ہوگا جہاں متعلقہ عملہ خدمات سرانجام دے گا۔
اس روز افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ ٹی ڈی سی پی ریزارٹ پر گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل معائنہ، ریسر اور کو ریسر کا میڈیکل چیک اپ ہوگا جبکہ اسی روز ڈرنگ سٹیڈیم میں تیکوانڈو، والی بال، کبڈی ٹورنامنٹ ہوگا۔
دلوش سٹیڈیم میں کیمل شو،ڈیزرٹ موٹر بائیک ریس ہوگی جس میں مقامی چولستانی شرکت کریں گے۔
کلچرل کرافٹ سٹالز سجائے جائیں گے اور میوزیکل شو ہوگا۔بہاولپور سٹی میں فرید گیٹ پر کلچرل جھومر ڈانس اور فوڈ سٹریٹ قائم ہوگی۔
شہر کی سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر 10 فروری تمام کیٹگری کے کوالیفائنگ راؤنڈ دلوش سٹیڈیم میں ہوں گے۔
دلوش سٹیڈیم میں بھیڑ بکریوں کا شو ہوگا۔ ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں تیکوانڈو، والی بال، اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے اور رشیدیہ آڈیٹوریم میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا ہے اور دلوش سٹیڈیم میں فوک میوزک شو ہوگا۔
11 فروری کو دلوش سٹیڈیم چولستان میں خواتین اور مرد حضرات کے مابین علیٰحدہ علیحدہ پری پیئرڈ کیٹگری کا پہلا راؤنڈ ہوگاجبکہ ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں تیکوانڈو، والی بال، کراٹے، اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔
دلوش سٹیڈیم میں ہارس ڈانس دکھایا جائے گا۔ نیز فرسٹ چولستان میراتھن ڈیراور فورٹ سے شروع ہوگی۔ 12 فروری کو دلوش سٹیڈیم سے مین سٹاک /ویمن سٹاک کیٹگری کی علیحدہ علیحدہ ریس ہوگی۔
دلوش سٹیڈیم میں ڈرٹ بائیک شو ہوگا۔ اسی روز دلوش سٹیڈیم میں کبڈی میچ ہوگا جس میں نیشنل کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ ڈرنگ سٹیدیم میں تیکوانڈو، والی بال، کراٹے کے مقابلے ہوں گے جبکہ دلوش سٹیڈیم میں چولستانی فنکاروں کے ساتھ کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی طرح بہاول جم خانہ میں میوزک نائٹ ہوگی۔
13فروری کو دلوش سٹیڈیم میں مین پری پیئرڈ کیٹگری اور ویمن کی پریپئرڈ کیٹگری ریس کا دوسرا راؤنڈ ہوگا۔ اسی روز پاور پیرا گلائیڈنگ شو پیش کیا جائے گا۔کلچرل نائٹ منعقد ہوگی بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈیزرٹ ریلی کے روٹ میں چولستان کے لق و دق صحرا میں قلعہ دین گڑھ، قلعہ مروٹ، خان گڑھ، بجنوٹ فورٹ، موج گڑھ اور جام گڑھ قلعہ شامل ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر بہاول ڈویژن کے تینوں اضلاع بہاول پور، رحیم یار خان اور بہاو ل نگر میں تقریبات منعقد ہوں گی۔
ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی کو پرکشش اور شاندار بنانے کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی سربراہی میں اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں اور موقع پر جا کر انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور انتظامات کاجائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہر ایک ادارے کو اس کی ذمہ داری سے آگاہ کیا گیا ہے۔
چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر پولیس کی جانب سے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے علاوہ ازیں لوگوں کی آمدورفت آسان بنانے اور سیاحوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
چولستان ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد کے لیے ترجمان حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر برائے ٹورازم حسان خاور نے اس میگا ایونٹ کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ ملک میں ٹورازم کو فروغ ملے اور ملک کا سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر ہو۔