غیرجمہوری قوتیں عوام کی سوچ اور رائے پر قبضہ نہیں کرسکتیں,ذوالفقار شاہ
رحیم یارخان:پاکستان تحریک انصاف لائرز فورم جنوبی پنجاب کے رہنما سیدذوالفقار شاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غیرجمہوری قوتیں عوام کی سوچ اور رائے پر قبضہ نہیں کرسکتیں،
جیلیں اور مقدمات پاکستان تحریک انصاف اور باشعور عوام کا راستہ نہیں روک سکتے، سیاسی جماعتوں کے ایماء پرپی ٹی آئی کے خلاف جاری محاذ آرائی کا فوری خاتمہ انتہائی ضروری ہے، پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے نظریات کو بدلنے کی ناکام کوشش کرنے والوں کا روز حساب قریب ہے،
ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یارخان سے تعلق رکھنے والے کامیاب قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور کارکنان عمران خان کے نظریے کے محافظ ہیں،
ریاست ایڑی چوٹی کا زور لگا کر بھی پی ٹی آئی کے نظریاتی ورکرز کی سوچ نہیں بدل سکتی۔
اپنے دفتر میں میڈیاکے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری قوتوں کو حالیہ عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ نے شکست فاش سے دوچار کر دیا ہے،
پاکستان اور عوام دشمن قوتیں ملک میں خانہ جنگی پیدا کرنے کے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں،
اگر پی ٹی آئی کے لیڈر عمران خان جیل میں بند ہیں تو اراکین اسمبلی اور کارکنان بھی جیل جانے اور جھوٹے مقدمات سے نہیں ڈرتے،
عمران خان کے نظریے کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، غیرجمہوری قوتوں کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف ملک بھر کے عوام بہت جلد سڑکوں پر ہوں گےجس کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جماعت ہے تاہم پی ٹی آئی کے صبر و تحمل کا امتحان نہ لیا جائے،
عام انتخابات میں عوام پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں اس کے باوجود پی ٹی آئی کے خلاف محاذ آرائی غیر جمہوری قوتوں میں پائے جانے والے خوف کی علامت ہے،
عمران خان نے ملک کے ہر طبقے کو ان کے آئینی حق اور سیاسی شعور سے روشناس کرایا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہو گی،
پی ٹی آئی پر مظالم ڈھانے والے عناصر یادرکھیں بہت جلد ان کا محاسبہ کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔